خبریں/تبصرے

پاکستان کو خواتین کیلئے محفوظ ملک قرار دینے کیلئے شہباز گل کی ’انٹلکچول بد دیانتی‘

لاہور (جدوجہد رپورٹ) وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں ایک گلوبل میڈیا کمپنی ’فوربز‘ کے ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کو خواتین کیلئے محفوظ ملک قرار دیا ہے اور بائیں بازو کے سیاسی کارکنوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ ’دانشورانہ بددیانتی‘ (انٹلکچول بددیانتی) کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

تاہم ڈاکٹر شہباز گل نے خود جس مضمون اور سروے کا حوالہ دیکر پاکستان کو خواتین کیلئے محفوظ ملک ثابت کرنے کی کوشش کی ہے اس مضمون اور سروے میں پاکستان کو شامل ہی نہیں کیا تھا، یا پھر ڈاکٹرشہباز گل نے وہ مضمون پڑھنے کی کوشش ہی نہیں کی ہے۔

بائیں بازو کے رہنما ڈاکٹر تیموررحمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں ٹویٹر اور فیس بک پر جاری کئے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ جس مضمون کا ڈاکٹر شہباز گل نے حوالہ دیا ہے وہ مضمون ان ممالک سے متعلق ہے جہاں سالانہ امریکی خواتین سفر کرتی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ اس مضمون میں ایسے 50 ملکوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے جہاں سب سے زیادہ امریکی خواتین سفر کرتی ہیں اور ان 50 ملکوں میں سے 20 ممالک کو سفر کرنے والی خواتین کیلئے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ جن 50 ملکوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے ان میں پاکستان شامل ہی نہیں ہے۔ اب چونکہ پاکستان ان ممالک میں شمار ہی نہیں ہوتا جہاں امریکی خواتین سفر کرتی ہیں تو پھر اس کو ان ممالک میں سے خطرناک ممالک کی فہرست میں بھی شمار نہیں کیا جا سکتا۔

تیمور رحمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے خود بہت بڑی دانشورانہ بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو غلط معلومات فراہم کی ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts