لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) پاکستان میں تعینات فرانس کے سفیر مارک بریٹی کو تبدیل کر کے مصر میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ مارک بریٹی نے گزشہ ماہ قاہرہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔ نئے فرانسیسی سفیر آئندہ سال جنوری میں اپنی ذمہ داریوں کا چارج سنبھالیں گے۔
’ٹی ایف ٹی‘ کے مطابق مارک بریٹی 3 سال سے زائد عرصہ تک پاکستان میں سفیر رہے۔ انہیں گزشتہ سال اس وقت توسیع دی گئی تھی جب کالعدم ٹی ایل پی نے فرانس کے خلاف تحریک شروع کی تھی اور فرانسیسی صدر کے مسلمانوں کو بدنام کرنے والے بعض ریمارکس کے بعد ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔
اس وقت فرانس نے ملک بھر میں فرانس مخالف پرتشدد مظاہروں کے درمیان پاکستان موجود اپنے تمام شہریوں کو عارضی طو رپر ملک چھوڑنے پر بھی زور دیا تھا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق فرانس کے نئے سفیر نے اکتوبر کے اوائل میں پاکستان پہنچنا تھا، تاہم اب امکان ہے کہ وہ آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریوں کا چارج سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے فرانس میں سفیر معین الحق کو گزشتہ سال تبدیل کر کے چین بھیج دیا گیا تھا، اس وقت سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں بھی کوئی سفیر موجود نہیں ہے۔