لاہور (جدوجہد رپورٹ) فلمساز اونیر کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت دفاع نے ہم جنس پرست بھارتی فوجی کے بارے میں فلم کا سکرپٹ مسترد کر دیا ہے۔
’این ڈی ٹی وی‘کی خبر کے مطابق فلمساز کی فلم کی کہانی میجر جے سریش کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے اپنے جنسی رجحان کی وجہ سے بھارتی فوج کو چھوڑ دیا تھا۔
بھارت میں نئے قوانین کے مطابق اگر فلم کا بھارتی فوج سے کوئی کردار یا تعلق ہے تو وہ فلم بنانے کیلئے بھارتی فوج سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) لینا ہو گا، بصورت دیگر فلم ساز وہ فلم نہیں بنا سکیں گے۔ فلمساز اونیر کے مطابق ’16 دسمبر کو میں نے رسمی طور پر اپنے سکرپٹ کے ساتھ این او سی کیلئے درخواست دی، جو میرے خیال میں ہر چیز کو بہت عزت اور احترام کے ساتھ پیش کرتی ہے۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’دو دن پہلے مجھے ای میل موصول ہوئی اور بتایا گیا کہ مواد کی جانچ اور تجزیہ کے بعد اسے مسترد کر دیا گیا ہے۔ میں نے وضاحت طلب کی تو بتایا گیا کہ میں نے ایک فوجی کے طور پر ہم جنس پرستوں کا کردار دکھایا ہے، یہ غیر قانونی ہے۔‘