لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب میں چار سالہ حکومت کے سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور پرویز الٰہی کے دور میں پولیس مقابلوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
’ٹی ایف ٹی‘ پر جاری کئے جانے والے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2018ء سے 2022ء تک پنجاب پولیس نے پولیس مقابلوں میں 612 ملزمان کو ہلاک کیا ہے۔
اعداد و شمار میں مزید یہ انکشاف ہوا کہ 2018ء سے 2022ء تک ایک خاتون کو بھی مقابلے میں مارا گیا اور ان پولیس مقابلوں میں سے زیادہ تر مبینہ طور پر ماورائے عدالت قتل کئے گئے۔
ان مقابلوں میں سے زیادہ تر 2020ء اور 2021ء میں رپورٹ ہوئے، جن میں سرکاری اعداد وشمار کے مطابق تقریباً 186 ملزمان مارے گئے۔
مذکورہ مدت کے دوران سب سے زیادہ مقابلے فیصلے آباد ضلع میں دیکھے گئے، جن میں 73 ملزمان مارے گئے۔ لاہور دوسرے نمبر پر رہا، جہاں پولیس نے مقابلے میں 65 ملزمان کو ہلاک کیا۔ اس دوران 2018ء سے 2022ء کے درمیان ساہیوال میں 45، گوجرانوالہ میں 34 اور ملتان میں 28 ملزمان مارے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق نارووال واحد ضلع ہے، جس میں 2018ء سے 2022ء کے درمیان کوئی پولیس مقابلہ نہیں ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق 544 مقدمات میں سے صرف 9 مقدمات متاثرین کے اہل خانہ کی طرف سے درج کروائے گئے۔
ان 4 سالوں کے دوران 57 پولیس اہلکاربھی ہلاک ہوئے، جبکہ مبینہ جعلی مقابلوں پر پولیس اہلکاروں کے خلاف 40 سے زائد انکوائریاں شروع کی گئیں۔