خبریں/تبصرے

کیمونسٹ اخبار مودی سرکار کے نشانے پر: مدیر گرفتار، چین سے پیسے لینے کا الزام

لاہور (جدوجہد رپورٹ) منگل کے روز کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی ایم) سے ہمدردی رکھنے والی معروف ویب سائٹ’نیوز کلک‘ (News Click) کے بانی مدیر پرابیر پرکاشتا کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا جبکہ ویب سائٹ کے لئے کام کرنے والی تیس سے زائد صحافیوں، کالم نگاروں اور عملے کے افراد کے گھر پر چاپے مار کر ان کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ ضبط کر لئے گئے۔

’نیوز کلک‘ پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ چین سے پیسے لے کر چینی پراپیگنڈہ کرنے والا ایک ادارہ ہے۔ ’نیوز کلک‘میں ہیومن ریسورس کے مینیجر امت چکر ورتی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے 17 اگست کو نیو یارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ’نیوز کلک‘بھارتی نژاد امریکی کروڑ پتی شہری بویل رائے سنگھم سے پیسے وصول کر کے چینی پراپیگنڈہ کرتی ہے۔ ٹائمز کا دعوی تھا کہ نیول رائے سنگھم چین کے قریب ہیں۔ ’نیوز کلک‘نے اس رپورٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نہ صرف بے بنیاد قرار دیا بلکہ قانونی چارہ جوئی کی دھمکی بھی دی۔

کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جنرل سیکرٹری سیتا رام یاچوری نے نیوز کلک پر اس ریاستی حملے کی شدید مذمت کی۔ علاوہ ازیں،اپوزیشن کے 28 جماعتی اتحاد ’انڈیا‘ نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔

واشنگٹن پوسٹ سے لے کر الجزیرہ جیسے عالمی میڈیا اداروں نے اس واقعہ کو رپورٹ کیا ہے۔ الجزیرہ نے یاد دلایا کہ مودی سرکار کے دوران بھارت میں میڈیا کی آزادیوں کے حوالے سے بھارت عالمی رینکنگ میں 161 ویں درجے پر پہنچ گیا ہے۔ سال پہلے بھارت 150 ویں نمبر پر تھا۔

’نیوز کلک‘اعلانیہ طور پر سی پی آئی ایم سے منسلک نہیں لیکن اسے سی پی آئی ایم سے وابستہ ایک اہم اخبار سمجھا جاتا ہے۔ اس ویب سائٹ کا دفتر نئی دہلی میں ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں روزنامہ ’جدوجہد‘ کے ادارتی بورڈ نے ’نیوز کلک‘ پر دہلی پولیس کے چھاپوں اور ویب سائٹ کے مدیر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts