لاہور(جدوجہد رپورٹ) آل پارٹیز رابطہ کمیٹی اور ساؤتھ ایشیا سالیڈیریٹی نیٹ ورک کے زیر اہتمام 10دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے سامنے اور واشنگٹن ڈی سی امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
یہ احتجاجی مظاہرے صدارتی آرڈیننس کی منسوخی، کالعدم قرار دی گئی عسکری تنظیموں پر پابندی عائد کرنے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے سمیت سیاسی رہنماؤں کی رہائی اور پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں آئین ساز اسمبلی کے قیام کے مطالبات کے لیے کیے جائیں گے۔
ان احتجاجی مظاہروں کی کال ترقی پسند اور آزادی پسند تنظیموں پر مشتمل آل پارٹیز رابطہ کمیٹی نے دے رکھی ہے۔ صدارتی آرڈیننس کے خلاف اس اتحاد کے احتجاجی مظاہروں پر حکومت نے بدترین کریک ڈاؤن کر کے 13سے زائد مقدمات درج کر رکھے ہیں، جبکہ ڈیڑھ درجن کے قریب رہنماؤں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔ آل پارٹیز رابطہ کمیٹی نے 9دسمبر تک اپنے ساتھیوں کی رہائی سمیت دیگر مطالبات پورے کرنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں 10دسمبر کو ریاست گیر اور بیرون ریاست احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔