خبریں/تبصرے

فیض کلچرل فاؤنڈیشن برطانیہ کے انتخابات: ڈاکٹر عمر دراز صدر، پلوشہ بنگش جزل سیکریٹری منتخب

لندن (نامہ نگار)فیض کلچرل فاؤنڈیشن یوکے کا اجلاس لندن میں منعقد ہوا جس میں ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئی قیادت کا انتخاب کیا گیا جس کے مطابق صدر ڈاکٹر عمر دراز خان صدر، جزل سیکریٹری پلوشہ بنگش، نائب صدر ارشد اولیا، جوائنٹ سیکرٹری تنویر افضال، انفارمیشن سیکرٹری ندیم مرزا اور فنانس سیکرٹری عثمان مترو منتخب ہوئے۔

اجلاس میں پندرہ رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کو بھی منتخب کیا گیا جس میں ایوب اولیا، عاصم علی شاہ، ڈاکٹر عامر مختار، ڈاکٹر توحید خان، مزمل مختار، پلوشہ بنگش، ارشد اولیا، ڈاکٹر عمر دراز خان، امتیاز خان، ڈاکٹر رحمان خان، ندیم مرزا، ارسلا وحید، اکرم قائم خانی، تنویر افضال اور عثمان مترو شامل ہیں۔

اس موقع پر نو منتخب صدر ڈاکٹر عمر دراز خان نے کمیٹی اراکین کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج فیض کلچرل فاؤنڈیشن نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ میں بھی ترقی پسند فکر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا وہ نئی کابینہ فاؤنڈیشن کے ہمدردوں اور دیگر ہم خیال تنظیموں کے تعاون سے فیض احمد فیض کے ترقی پسند خیالات اور انسانی برابری و امن کے پیغام کو فروغ دینے کی جدوجہد کو مزید توانا بنائیں گے۔

اجلاس میں فیض کلچرل فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے فیض صاحب کی 111ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیض احمد فیض کی شاعری نہ صرف پاکستان کے محکوم طبقات بلکہ دنیا بھر کے پسے ہوئے اور مظلوم عوام کے لئے جدوجہد کا استعارہ ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امسال اکتوبر میں لندن فیض امن میلہ انتہائی دھوم دھام سے منعقد کیا جائے گا جس میں برطانیہ، یورپ، پاکستان اور ہندوستان سے معروف، ادبی اور سیاسی شخصیات اور فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts