خبریں/تبصرے

امریکہ: ’ہم اس صدر کے ساتھ نومبر میں جیتنے والے نہیں ہیں‘

لاہور(جدوجہدرپورٹ) امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کیلئے سب سے زیادہ چندہ جمع کرنے والے جارج کلونی نے امریکی صدر جو بائیڈن سے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مطالبہ سے چند گھنٹے قبل سینئر ڈیموکریٹ نینسی پیلوسی نے بھی ایک سوال کیا تھا کہ آیا انہیں یہ دوڑ جاری رکھنی چاہیے یا نہیں۔

’بی بی سی‘ کے مطابق ہالی ووڈ اداکار اور ڈیموکریٹک پارٹی کیلئے چندہ جمع کرنے والے جارج کلونی نے کہا کہ ’صدر نے اپنے کیریئر میں بہت سی لڑائیاں جیتی ہیں، لیکن ایک جنگ وہ نہیں جیت سکتے، جو وقت کے خلاف جنگ ہے۔‘

ان کے تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے جب ایوان کی سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے پارٹی میں بڑھتے ہوئے اضطراب میں شمولیت اختیار کی اور کہا کہ جوبائیڈن کیلئے یہ فیصلہ کرنے کیلئے کم وقت ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اپنی تباہ کن بحث کے بعد دوڑ میں شامل رہیں یا نہیں۔

کلونی نے نیویارک ٹائمز میں لکھا کہ یہ کہنا تباہ کن تھا، لیکن جس بائیڈن سے وہ تین ہفتے قبل فنڈ ریزنگ کی تقریب میں ملے، یہ وہ 2010کے بائیڈن نہیں تھے۔ یہاں تک کہ 2020کے جو بائیڈن بھی نہیں تھے۔

انکا کہنا تھا کہ ’یہ عمر کے بارے میں ہے، مزید کچھ نہیں۔ ہم اس صدر کے ساتھ نومبر میں جیتنے والے نہیں ہیں۔‘

انکا مزید کہنا تھا کہ ان کے خدشات کانگریس کے ہر ممبر کے ساتھ ملتے ہیں، جن سے انہوں نے بات کی ہے۔

ایوان کی سابق سپیکر نینسی پلوسی کیپٹل ہل کے سب سے طاقتور ڈیموکریٹس میں سے ایک ہیں۔ بدھ کے روز وہ بائیڈن کے اس اصرار کو نظر انداز کرتی دکھائی دیں کہ وہ صدارتی دوڑ جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انتخابی دوڑ انہیں جاری رکھنی چاہیے، تو انکا کہنا تھا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ وہ جو بھی کرنے کا فیصلہ کریں، وہ خود ہی کریں۔یہ صدر پر منحصر ہے کہ وہ انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔ ہم سب نے انہیں یہ فیصلہ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں،کیونکہ وقت کم ہے۔‘

ایک درجن کے قریب منتخب ڈیموکریٹس نے مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ 27جون کے مباحثے کے بعد سے اپنی مہم ترک کر دیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts