خبریں/تبصرے

یکساں قومی نصاب: ڈاکٹر عبدالسلام کا ذکر اقلیتوں میں بھی نہ ہو سکا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) تحریک انصاف کی حکومت میں مرتب کئے گئے یکساں قومی نصاب کی کتب میں ڈاکٹر عبدالسلام کا ذکر اقلیتوں کے کردار میں بھی شامل نہیں کیا جا سکتا ہے۔

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے شائع کی جانیوالی جماعت چہارم کیلئے معاشرتی علوم کی کتاب میں ’پاکستان کے قیام اور ترقی میں اقلیتوں کا کردار‘ کے عنوان سے تفصیل شائع کی گئی ہے۔ کتاب کے صفحہ 57 پر شائع ہونے والی اس تفصیل میں قیام پاکستان کے دوران اوربعد ازاں مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی خدمات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔

تاہم پاکستان کے واحد نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالسلام کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ سے تھا اور ان کی گرانقدر سائنسی خدمات کی بنیاد پر انہیں نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالسلام کی قبر پر لگی ان کے نام کی تختی توڑنے سمیت پاکستان کی کچھ جامعات میں ان کے نام سے منسوب شعبہ جات کے نام تبدیل کئے جانے سمیت متعدد ایسے اقدامات ماضی میں بھی کئے گئے ہیں، جن کے ذریعے سے ڈاکٹر عبدالسلام کے نام اور کردار کو ان کی مذہبی شناخت کی وجہ سے مٹانے کی سازش ظاہر ہوتی ہو۔

Roznama Jeddojehad
+ posts