لاہور(پ ر) 50 سے زائد ممالک کی سول سوسائٹی تنظیمیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے ان اداروں کی سالانہ میٹنگز کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں جمع ہوئیں۔ انہوں نے آئی ایف آئیز کے خلاف عالمی دنوں کے آغاز کے ساتھ ہی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی 80ویں سالگرہ کو ”آٹھ دہائیاں قرضوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی“ اور”جنوبی ممالک کے لیے ناخوشگوار“ قرار دیا۔
ان مطالبات میں سب سے اہم قرضوں کی معافی کی دوبارہ تاکید ہے، خاص طور پر کووڈ-19 کے بعد عوامی قرضوں میں تیزی اور اس سے پیدا ہونے والے سنگین بحران کے پیش نظر۔ ورلڈ بینک کے اپنے ڈیٹا کے مطابق، 2012 سے 2022 کے درمیان کم آمدنی اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے قرضوں میں بالترتیب 109% اور 58% اضافہ ہوا۔ عوامی طور پر ضمانت شدہ قرضوں کی سروس ادائیگیاں 2022 میں 443.5 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے، اور مستقبل میں اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ایشین پیپلز موومنٹ آن ڈیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ (APMDD) کی کوآرڈینیٹر، لیڈی نیکپل نے کہا کہ”آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک اپنے 80 سال مکمل ہونے کا جشن اس وقت منا رہے ہیں جب عالمی جنوبی ممالک بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ یہ ادارے دنیا کے امیر ترین ممالک کے گروپ 7 میں اہم کردار ادا کرنے والے ہیں جو موسمیاتی اور قرضوں کے بحرانوں کو مزید بدتر بناتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ یہ ادارے بحرانوں، بشمول امیر ممالک کی طرف سے پیدا ہونے والے موسمیاتی ہنگامی حالات، کے حل کے طور پر مزید قرضوں کو فروخت کرنا بند کریں اور اپنی نیو لبرل پالیسیاں اور شرائط جیسے کہ نجکاری اور تجارت کی آزادی مسلط کرنا چھوڑ دیں، جو عوام کے حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں اور موسمیاتی ایمرجنسی کو بڑھاتی ہیں، جبکہ بڑے کاروباروں کے لیے بڑے پیمانے پر منافع کو یقینی بناتے ہیں۔“
عالمی جنوبی ممالک کی سنگین صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے ساؤتھ ایشیا الائنس فار پاورٹی ایریڈیکیشن (SAAPE) کے پرمان ادھیکاری نے کہاکہ ”عالمی اقتصادی استحکام کو فروغ دینے کے ارادے سے بنائے گئے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف، افسوسناک طور پر، لوگوں کے روزگار کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں، لاکھوں بچے بھوک اور غذائی قلت کا شکار ہیں، جو ان کی نشوونما اور صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔ چار دہائیوں سے زیادہ نیو لبرل پالیسیوں کے باوجود، خطہ شدید بھوک، بے روزگاری، اور ناقابل یقین حد تک عدم مساوات کا سامنا کر رہا ہے۔ یہ معاشی ماڈل، جو ’واشنگٹن اتفاق رائے‘سے چلایا جاتا ہے، انسانی مصائب اور محرومی کو گہرا کرتا ہے اور عالمی جنوبی ممالک کی قیمت پر بحران زدہ مغربی دنیا کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ یہ جمہوری اتفاق رائے کے بجائے ساختی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے نافذ کیا جاتا ہے اور سب سے زیادہ کمزور افراد کی حالت کو مزید خراب کرتا ہے۔“
افریقی فورم اور نیٹ ورک برائے قرض اور ترقی (AFRODAD) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، جیسن برگانزا نے افریقہ میں قرض بحران کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ”حکومتیں عوامی اور سماجی سرمایہ کاری کو قرض کی ادائیگی کے لیے IMF اور ورلڈ بینک پر قربان کر رہی ہیں۔ یہ دونوں ادارے عوام دوست نہیں ہیں بلکہ عالمی شمال کے سرمائے کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں۔“
برگانزا نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی 80 ویں سالگرہ ہمیں یہ یاد دہانی کراتی ہے کہ ہمیں مغربی نیو لبرل سرمایہ دارانہ نظام سے آزادی حاصل کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ اگر افریقہ کو ترجیح بنانا مقصد ہے تو یہ دونوں ادارے اس مقصد کے لیے موزوں نہیں ہیں۔
مینا فیم موومنٹ برائے اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی انصاف کی ڈائریکٹر، شیرین طلعت نے زور دیا کہ ان پالیسیوں نے مسلسل عدم مساوات کو بڑھایا ہے، خاص طور پر خواتین اور جنوبی ممالک کی محروم آبادکاریوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی اداروں (IFIs) کی ناکام پالیسیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے، لیٹینڈڈ (لاطینی امریکی نیٹ ورک برائے اقتصادی اور سماجی انصاف) کی گلوبل ایڈوکیسی ڈائریکٹر نے خبردار کیا کہ مختصر مدت کے حل کی کوششوں کا بڑھتا ہوا رجحان قرضی، موسمیاتی اور ترقیاتی بحران کو مزید خراب کرے گا، خاص طور پر گلوبل ساؤتھ کی پسماندہ آبادی کو۔ انہوں نے زور دیا کہ ممالک کو عارضی حل کی بجائے فوری قرض معافی کی ضرورت ہے اور عالمی مالیاتی نظام کی اصلاح کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہ زیادہ منصفانہ اور مساوی ہو۔
ایشیا پیسیفک فورم برائے خواتین، قانون اور ترقی (APWLD) نے بھی اسی نوعیت کے مسائل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی سخت پالیسیوں سے دنیا کی 85 فیصد آبادی، یعنی 6.3 بلین سے زیادہ افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کی مسلسل پامالی کو ان مالیاتی اداروں کی نام نہاد ”صنفی حکمت عملی” اور ”خواتین کی اقتصادی طاقت” کے دعووں کے برعکس قرار دیا، کیونکہ کفایت شعاری کے اقدامات خواتین کو غیر یقینی، غیر رسمی اور غیر منظم ملازمتوں میں پھنسا دیتے ہیں، اور ان کے لیے حکومتی مداخلت کی گنجائش ختم کر دیتے ہیں جو بہتر حالات کی ضامن ہو سکتی ہے۔
یورپی نیٹ ورک برائے قرض اور ترقی (Eurodad) کی پالیسی اور ایڈوکیسی منیجر برائے قرض انصاف،‘لولانڈا فریسنیلو’نے کہا کہ ”ان اداروں کے مشن اور ویژن میں بنیادی تبدیلی ضروری ہو چکی ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کا ”کفایت شعاری اور مارکیٹ پر مبنی حل کے ساتھ جنون ختم ہونا چاہیے، اور ان کی غیر مساوی حکمرانی کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔“
ایشیا پیسیفک فورم برائے خواتین، قانون اور ترقی (APWLD) نے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پیچھے موجود حکومتیں قرضے منسوخ کریں، شرائط ختم کریں، اور پائیدار ترقی کے لیے لوگوں اور حقوق پر مبنی نقطہ نظر اپنائیں، خاص طور پر مزدوروں، کسانوں، مقامی لوگوں، خواتین اور بچوں کے لیے۔
تالعت نے گلوبل ڈیز آف ایکشن کے دوران اس مطالبے کی تائید کی کہ”ایک فوری تبدیلی کی ضرورت ہے جو انصاف، مساوات اور پائیداری پر مبنی اقتصادی ماڈل کی طرف گامزن ہو، اور دہائیوں سے مسلط کردہ نقصان دہ کفایت شعاری اور ڈھانچے کی بنیاد پر اصلاحات کو رد کیا جائے۔“
(ترجمہ: مدبر علی)