لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے مختلف شہروں میں کل بروز جمعہ 26 نومبر کو طلبہ یکجہتی مارچ منعقد کئے جا رہے ہیں۔ یہ مارچ پراگریسیو سٹوڈنٹس کلیکٹو (پی ایس سی) کے زیر اہتمام منعقد کئے جا رہے ہیں۔
حقوق خلق موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عمار علی جان کے ٹویٹ کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں طلبہ یکجہتی مارچ دن 2 بجے استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک منعقد کیا جائیگا۔
کراچی میں طلبہ یکجہتی مارچ ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک منعقد کیا جائیگا۔
پاک پتن میں فریدیا کالج سے پاک پتن پریس کلب تک طلبہ یکجہتی مارچ منعقد کیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی طلبہ یکجہتی مارچ دن اڑھائی بجے نیشنل پریس کلب کے سامنے منعقد کیا جائیگا۔
طلبہ یکجہتی مارچ میں پی ایس سی کے علاوہ دیگر ترقی پسند طلبہ تنظیمیں اور محنت کشوں کے نمائندگان بھی شرکت کرینگے۔
طلبہ یکجہتی مارچ کا بنیادی مطالبہ طلبہ یونین کی بحالی ہے، جبکہ دیگر مطالبات میں فیسوں میں اضافہ واپس لینا، تعلیمی اداروں کی نجکاری کا خاتمہ اور تعلیم کی مفت فراہمی، تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کے 5 فیصد تک بڑھانے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔