رپورٹ: ’PTUDC‘ راولپنڈی
176 سینٹری ورکرز کے آرڈر جاری، اگلے مرحلے میں دیگر 968 ملازمین بھی ریگولر ہوں گے۔ مزدور رہنماؤں کی جانب سے راجہ عبدالمجید، جاوید احمد، راجہ ہارون رشید اور پادری شاہد رضا کی کاوشوں کو خراج تحسین۔
میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی میں عرصہ دراز سے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے تمام سینٹری ورکرز کو ریگولر کرانے کیلئے میونسپل لیبر یونین سی بی اے کا احتجاج رنگ لے آیا اور انتظامیہ نے تمام عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ادارے میں ملازمین کی نمائندہ تنظیم میونسپل لیبر یونین اپنے ملازمین کو ان کا یہ جائز حق دلانے کیلئے کافی عرصے سے کاوشیں اور احتجاج کر رہی تھی اس سلسلے میں یونین نے انتظامیہ کو سینٹری ورکرز کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کیلئے 18 مئی تک کی ڈیڈ لائن دے رکھی تھی، جس کیلئے تمام ملازمین گذشتہ روز صبح سے ہی یونین کے سرپرست اعلیٰ راجہ عبدالمجید، چیئرمین جاوید احمد، صدر راجہ ہارون رشید، جنرل سیکرٹری پادری شاہد رضا اور دیگر عہدیداروں کی قیادت میں کارپوریشن کے مرکزی دفتر لیاقت روڈ کے احاطے میں جمع ہونا شروع ہو گئے۔
مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ، آل پاکستان ایمپلائز، پنشنرز و لیبر تحریک کے رہبر حاجی محمد اسلم خان، آل پاکستان گورنمنٹ ایمپلائز کنفیڈریشن کے چیئرمین الحاج عبدالمناف، شاہد مغل، ریاض خان، آل پاکستان لوکل گورنمنٹ فیڈریشن کے چیئرمین غلام محمد ناز، پرویز چیدا، یونائیٹڈ سٹاف آرگنائزیشن سی بی اے، ریڈیو پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد اعجاز، پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز کے صدر رمضان لغاری، جنرل سیکرٹری سہیل مختار، ریلوے لیبر یونین کے نائب صدر راجہ عمران، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے رہنما سجاد حسین ساجد، ایچ بی ایف سی ورکمین یونین (سی بی اے) پاکستان کے صدر راجہ پرویز اختر، آل پاکستان پروگریسو لیبر یونین (سی بی اے) اسٹیٹ بینک کے صدر محمد افضل خٹک، پاک پی ڈبلیو ڈی اتحاد یونین کے جنرل سیکرٹری سید ذیشان شاہ، مری بروری ورکرز یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری سید واصف حسین شاہ، سی ڈی اے ایمپلائز یونین (پاشا گروپ) کے جنرل سیکرٹری عزت کمال پاشا، پی ایم ڈی سی ہیڈ آفس سی بی اے کے صدر افضل جمال قریشی، جنرل سیکرٹری یاسر مصطفی، یوٹیلٹی سٹورز یونین کے رہنما سید عارف حسین شاہ، جاوید عباسی، او جی ڈی سی ایل اتحاد یونین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری انصر ایوب وڑائچ، پوسٹل یونین کے رہنما معظم علی زاہد، ایمپلائز یونٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر راجہ آصف، شیخ خالد محمود، پی ٹی ڈی سی ایمپلائز یونین کے صدر ماجد یعقوب اعوان، فیڈرل ایپکا کے رہنما سید گلفراز حسین کاظمی اور پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز ملک سمیت دیگر مزدور رہنما بھی احتجاج میں پہنچ گئے۔
معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے کارپوریشن انتظامیہ کے اعلیٰ افسران مظاہرین کے پاس پہنچ گئے اور انہوں نے یونین رہنماؤں سے مذاکرات کے بعد عارضی ملازمین سے متعلق میونسپل لیبر یونین کے مطالبات پورے کرنے کا اعلان کر دیا۔ جس کے تحت فوری طور پر 176 ڈیلی ویجز سینٹری ورکرز کو ریگولر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ جبکہ ضروری کاغذی کارروائی کے بعد دیگر 968 عارضی ملازمین کو بھی مستقل کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید نذر حسین شاہ، حاجی محمد اسلم اور دیگر مزدور رہنماؤں نے بلدیہ ملازمین کے حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کرنے پر میونسپل لیبر یونین کے سرپرست اعلیٰ راجہ عبدالمجید، چیئرمین جاوید احمد، صدر راجہ ہارون رشید، جنرل سیکرٹری پادری شاہد رضا اور دیگر عہدیداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور ملازمین کو ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر مبارک باد پیش کی۔