لاہور (جدوجہد رپورٹ) گوئٹے مالا کے ممتاز صحافی اور اخبار کے پبلشر ہوزے روبن زمورا کو 40 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ قبل ازیں ان کے تحقیقاتی اخبار ’ایل پیریاڈیکو‘ پر پابندی عائد کر کے بند کر دیا گیا تھا۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق ہوزے روبن زمورا تحقیقاتی اخبار ایل پیریاڈیکو کے بانی اور صدر ہیں اور انہوں نے طویل عرصہ تک گوئٹے مالا کی حکومت کی بدعنوانی پر رپورٹنگ کی ہے۔ انہیں منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کر کے سزا سنائی گئی ہے۔
ان کے بیٹے ہوزے کارلوس زمورا کا کہنا ہے کہ دائیں بازو کی حکومت کی جانب سے مہینوں تک ہراساں کرنے اور ظلم و ستم کے بعد اخبار کو گزشتہ ماہ بند کر دیا گیا تھا۔ حکومت نے پریس کے خلاف اپنے وسیع کریک ڈاؤن کے حصے کے طو رپر زمورا کو تقریباً ایک سال سے یرغمال بنا کر رکھا ہوا ہے۔