خبریں/تبصرے

مدیر اعلیٰ ’جدوجہد‘ ڈاکٹر قیصر عباس وفات پا گئے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) روزنامہ جدوجہد کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر قیصر عباس فوت ہو گئے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ آج 31 اکتوبر کو امریکی ریاست ٹیکساس ILM 2101 W Plano Pkwy, Plano, TX 75075 میں مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر 3بجے ادا کی جائیگی۔

ان کی تدفین مقامی وقت کے مطابق آج شام 05بجے Denton Muslim Cemetery 1901 Ripy Rd Krum, TX 76249 میں کی جائے گی۔

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدوجہد کے بانی اراکین میں شامل تھے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پاکستان کے سرکاری ٹیلیویژن چینل پی ٹی وی میں بطور نیوز پروڈیوسر کام کرتے رہے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہو گئے تھے، وہیں سے پی ایچ ڈی مکمل کی۔

آپ کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ایمبری ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر تھے۔

انہوں نے پاکستانی میڈیا پر From Terrorism to Television: Dynamics of Media, State and Society کے عنوان سے ایک کتاب بھی بطور شریک مدیر، شائع کی ہے جسے معروف عالمی اشاعتی ادارے روٹلیج نے شائع کیا۔ اس کے علاوہ وہ میڈیا کے موضوع پر کئی مقالے اور بک چیپٹرز بھی شائع کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر قیصر عباس نے اپنی شاعری اور نثری تحریروں کے ذریعے بھی بے شمار کام کیا ہے۔

وہ طویل عرصہ سے علیل تھے۔ منگل کے روز انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس میں ہی اپنی آخری سانس لی۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

ادارہ روزنامہ جدوجہد کے ایڈیٹوریل بورڈ کے اراکین نے ڈاکٹر قیصر عباس کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں ڈاکٹر قیصر عباس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts