خبریں/تبصرے

پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں کو کولمبیا کا سفر کرنے سے روک دیا گیا

لاہور(جدوجہدرپورٹ)ایف آئی اے اور امیگریشن حکام کی جانب سے پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں کو کولمبیا میں گلوبل کانفرنس میں شرکت کیلئے سفر کرنے سے روک دیا ہے۔

پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ قمر عباس اور رفعت مقصودنے لاویا کیمپسینا کانگریس میں شرکت کیلئے بگوٹا جانا تھا۔ تاہم لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے، امیگریشن حکام اور قطر ایئر ویز نے درست ویزوں اور تمام سفری دستاویزات کے باوجود بورڈنگ پاسز جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

انکا کہنا تھا کہ یہ عمل مسلسل دو مرتبہ کیا گیا۔ پہلے 28نومبر کو انہیں بورڈنگ پاسز جاری نہیں کئے گئے، اس کے بعد انہوں نے 30نومبر کو بھی سفر کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں سفر نہیں کرنے دیا گیا۔

فاروق طارق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سفر کرنے کا ہر قانونی حق ہے اور حکام کا یہ اقدام ہمارے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ واقعہ شہریوں اور بالخصوص کسانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والوں کے سفر کے حقوق کے بارے میں تشویش پیدا کرتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ لاہور ایئرپورٹپر نام نہاد حکام کا غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک قابل مذمت ہے۔ اس غیر قانونی اقدام کا فوری نوٹس لیا جائے۔ہم ایک آزاد ملک میں ہیں، لیکن یہ طاقت کے نشے میں ریاستی اہلکار بغیر کسی وجہ کے ہمارے حقوق پامال کررہے ہیں۔ یہ سلسلہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts