پاکستان

سفر نامہ

قیصر عباس

دن بھر کے سار ے
دکھوں، راحتوں
چاہتوں اور نفرتوں
کا ٹوٹا بدن سنبھالے
خوابوں کی خوش رنگ
چادر تلے
ہررات سوتاہوں
ہررات مرتاہوں
ایک نئے جنم کی امید لئے

اور ہرنئی صبح
سورج کی نئی کرن
کے ساتھ
نت نئی تازہ خواہشوں
اور امیدوں کی جھولی لئے
اپنے بارہ گھنٹوں کی
تلاش میں
پھر نکلتاہوں
ایک نیا جنم لے کر

میں رات اور دن
امیدویاس
روشنی اور اندھیروں
پر پھیلے
چوبیس گھنٹوں کے
اس سفرکا
ایک گمنام مسافر
جس کا اگلا پڑاؤ
خود اس کے گمان
اور ادراک کی
حدوں سے
باہر ہے
ہررات سوتاہوں
ہر رات مرتا ہوں
ایک نئے
جنم کی امید لئے!

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔