خبریں/تبصرے

پی آئی اے کی بولی لگانے والی رئیل اسٹیٹ کمپنی کیخلاف 215 مقدمات

لاہور(جدوجہد رپورٹ) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) میں شیئرز کی بولی کے عمل میں داخل ہونے کے لیے صرف ایک کمپنی بلیو ورلڈ سٹی نے تمام تقاضے پورے کیے ہیں۔

’دی کرنٹ‘ کے مطابق بلیو ورلڈ سٹی راولپنڈی اسلام آباد میں واقع ایک رئیل اسٹیٹ پروجیکٹ ہے۔ صحافی شاہد اسلم نے رپورٹ کیا ہے کہ ’کمپنی کے ملکان کے مالکان مالکان کے خلاف تقریباً215مقدمات درج ہیں، جن میں قتل، غیر قانونی اسلحہ، لوگوں کو زخمی کرنے اور زمینوں پر ناجائز قبضے کرنے کے الزامات شامل ہیں۔‘

نجکاری کمیشن نے ابتدائی طور پر پی آئی اے کے لیے 6بولی دہندگان کو پری کوالیفائی کیا تھا، جن میں فلائی جناح، وائے بی ہولڈنگز(پرائیویٹ) لمیٹڈ کی قیادت میں کنسورشیم، ایئر بلیو لمیٹڈ، پاک ایتھنول(پرائیویٹ) لمیٹڈ کی قیادت میں ایک کنسورشیم، عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ اور بلیو ورلڈ سٹی شامل تھے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر حکومتی ارکان نے رئیل اسٹیٹ کمپنی بلیو ورلڈ سٹی کو پی آئی اے کا سنجیدہ دعویدار نہیں سمجھا تھا۔

کمیشن نے تکنیکی، مالیاتی اور دستاویزی تقاضوں کی بنیاد پر ایک وسیع جائزے کے بعد 6 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا۔ انہیں بِڈنگ کے عمل کے اگلے مرحلے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے مدعو کیا،تاکہ خریداری کے لیے احتیاط سے کام شروع کیا جا سکے۔

تاہم تمام 6کوالیفائیڈ بولی دہندگان میں سے صرف ایک نے حتمی بولی لگانے سے پہلے ’ڈپازٹ کی رقم‘جمع کروائی۔
کامیاب بولی دہندہ پی آئی اے میں 51فیصد شیئرز اور ایئر لائن کے 100فیصد شیئر کیپٹل کے ساتھ انتظامی کنٹرول کا مالک ہوگا۔ پی آئی اے پر تقریباً 800 ارب روپے کا قرض ہے، اور حکومت کو کئی سالوں میں اسے کئی بار بیل آؤٹ کرنا پڑرہا ہے۔

شاہد اسلم نے یہ بھی بتایا کہ ’بلیو ورلڈ سٹی کی انتظامیہ میڈیا گروپ سنو ٹی وی کی مالک بھی ہے۔ بلیو ورلڈ سٹی کا انتظام ریٹائرڈ جنرل عارف وڑائچ اور سجاد رسول چلاتے ہیں، جو آئی ایس آئی میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’جنرل (ر) عارف وڑائچ نے 2014-15میں ڈی جی ایس سی ٹی(آئی ایس آئی) کے طو رپر خدمات انجام دیں اور اب وہ سنو ٹی وی کی انتظامیہ میں ڈائریکٹر کی سطح پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔، جبکہ جنرل(ر) سجاد رسول نے آئی ایس آئی میں ڈی جی ایس سکیورٹی اینڈ ایڈمنسٹریشن کے طو رپر خدمات انجام دیں اور وہ سنو ٹی وی میں کور مینجمنٹ ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts