لاہور (جدوجہد رپورٹ) منگل کے روز عالمی ادارہ صحت نے 47 ممالک پر مشتمل پورے بر اعظم افریقہ کو پولیو فری خطہ قرار دے دیا۔ پچھلے چار سالوں سے کسی افریقی ملک میں کوئی پولیو کا مریض سامنے نہیں آیا۔ پولیو کا آخری مریض چار سال قبل نائجیریا کے اس علاقے میں سامنے آیا تھا جہاں بوکو حرام کا قبضہ تھا۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر برائے افریقہ ماتھسیدیسو موئتو نے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ عالمی ادارہ صحت نے افریقہ کی حکومتوں اور لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 1.8 ملین بچوں کی جان پولیو ورکرز کی وجہ سے بچائی جا سکی۔
پولیو ویکسین 1950ء کی دہائی میں بن گئی تھی مگر تیسری دنیا کے ممالک کو یہ مناسب طور پر دستیاب نہ ہو سکی۔ پچھلے تیس سال میں اس موذی مرض کے خاتمے پر 19 ارب ڈالر خرچ کئے گئے تا کہ اس کا دنیا بھر سے خاتمہ ہو سکے۔
اب صرف دو ملک ایسے بچے ہیں جہاں پولیو ابھی تک ختم نہیں کیا جا سکا۔ ان میں ایک پاکستان ہے اور دوسرا افغانستان۔ اس سال پاکستان میں اب تک 58 اور افغانستان میں پولیو کے 29 کیس سامنے آ چکے ہیں۔