لاہور (جدوجہد رپورٹ) بھارت کے پبلک افیئرز انڈکس کے نتائج کے مطابق ایکویٹی، ترقی اور پائیداری میں کیرالہ، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش اپنی مسلسل کارکردگی کی وجہ سے پہلی تین پوزیشنوں پر براجمان ہیں۔
بڑی ریاستوں کے زمرے میں کیرالہ پہلی پوزیشن پر رہی جبکہ چھوٹی ریاستوں کے زمرے میں سکم کو پہلا درجہ دیا گیا ہے۔
چند ماہ قبل بھارت میں پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی)کے تازہ جاری ہونے والے انڈیکس میں بھی بھارتی ریاست کیرالہ کو سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاست جبکہ بہار کو بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاست قرار دیا گیا ہے۔
پائیدار ترقی کے اہداف کا اشاریہ سماجی، اقتصادی اور ماحولیاتی پیرامیٹرز پر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتا ہے۔
’بزنس سٹینڈرڈ‘ کے مطابق کیرالہ نے 75 کے اسکور کے ساتھ سب سے بہترین ریاست کے طور پر اپنا درجہ برقرار رکھا ہے جبکہ ہماچل پردیش اور تمل ناڈو کی ریاستیں 74 سکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی ہیں۔
رواں سال ایس ڈی جی انڈیکس میں بہار، جھارکھنڈ اور آسام سب سے بری کارکردگی دکھانے والی ریاستیں قرار پائی ہیں۔
بھارت میں اقوام متحدہ کے تعاون سے تیار کردہ یہ انڈیکس عالمی و ملکی اہداف کو پورا کرنے کی طرف ملک کے سفرمیں قومی اور ریاستی سطح پر پیشرفت کی پیمائش کرتا ہے۔
یاد رہے کہ کیرالہ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ(سی پی آئی ایم) کی قیادت میں بائیں بازو کی تنظیموں کے اتحاد ’لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ‘ کی حکومت قائم ہے۔ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ نے گزشتہ سال مئی میں ہونے والے انتخابات میں مسلسل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی۔
کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائے وجایان نے اپنے ایک ٹویٹ میں اسے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔