لاہور (جدوجہد رپورٹ) 6 روز سے لاپتہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کراچی میں قانون کے طالبعلم رحمت اللہ پتافی کو رہا کر دیا گیا ہے۔
رحمت اللہ پتافی انسانی حقوق کے ایک سرگرم کارکن کے طور پر مشہور ہیں اور وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل عام سمیت مخالف آوازوں کو لاپتہ کئے جانے کے خلاف سوشل میڈیا کے ذریعے آواز اٹھاتے رہتے تھے۔
رواں ماہ 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب رحمت اللہ پتافی کو مسلح افراد کی جانب سے اغوا کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر رحمت اللہ پتافی کی رہائی کی مہم چلانے والے ان کے ساتھیوں کا الزام تھا کہ انہیں اغوا کر کے لے جانے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران تھے۔
انکی بازیابی کیلئے کراچی پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا تھا۔ پیر کے روز انکے ایک ساتھی نے یہ اطلاع دی کہ انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک رحمت اللہ پتافی نے اپنی گرفتاری اور رہائی سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ نہ ہی ان سے رابطہ ہو سکا ہے کہ انکا موقف جانا جا سکے۔