لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا اور مہنگائی 12.96 فیصد تک بڑھ کر دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ّ’ڈان‘ میں شائع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر افراط زر دسمبر کے مقابلے میں 0.39 فیصد تک بڑھا۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر مہنگائی میں اضافہ ٹرانسپورٹ کی وجہ سے ہوا، جس میں سالانہ بنیاد پر 23.05 فیصد جبکہ رہائش اوربلات میں بھی 15.53 فیصد اضافہ ہوا۔
شہری علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 13.57 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے، دیہی علاقوں میں یہ اضافہ 12.01 فیصد تک دیکھا گیا ہے۔
روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں شہری علاقوں میں 12.8 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 13.9 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
اشیائے خوردونوش کے علاوہ جن اشیا کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ان میں بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات شامل ہیں۔