خبریں/تبصرے

یوکرائن: درجنوں بچے ہلاک، 22 لاکھ پناہ گزین

لاہور (جدوجہد رپورٹ) اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے بدھ کے روز بتایا کہ روسی حملے کے بعد یوکرین سے فرار ہونے والے افراد کی تعداد 22 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران یہ انکشاف کیا کہ اس حملے کے نتیجے میں 50 سے زائد بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔

’رائٹرز‘کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے سٹاک ہوم کے دورے کے دوران ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ممالک کے درمیان مہاجرین کی تقسیم پر بات چیت کی بجائے اب وقت آ گیا ہے کہ سرحد پر مدد کرنے کی کوشش کی جائے۔

گرانڈی نے مزید کہا کہ خاص طور پر مالڈووا، جو یورپی یونین کا رکن نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں بہت کمزور ہے۔

’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق ڈاکٹر اولیگزنڈر دکھنووسکی نے یہ بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز 4 ایسے بچوں کا آپریشن کیا جنہیں گولیاں لگی تھیں۔ ایک چھوٹی بچی فوت ہو گئی اور ایک ایسا بچہ بھی زیر علاج ہے جو عمارت پر میزائل لگنے کی وجہ سے ملبے تلے تب گیا تھا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts