خبریں/تبصرے

عمران خان کیخلاف سرکاری تحفہ غیر قانونی طور پر فروخت کرنے پر تحقیقات

لاہور (جدوجہد رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف مہنگے سرکاری تحائف کی وصولی اور غیر قانونی فروخت سے متعلق کیس کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

’ٹی ایف ٹی‘ کی اطلاعات کے مطابق عمران خان کو ان کی وزارت عظمیٰ کے دوران تحفے کے طور پر ملنے والا ہار توشہ خانہ کو نہیں بھیجا گیا تھا بلکہ سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری کو دیا گیا تھا، جنہوں نے اسے لاہور کے ایک جیولر کو 18 کروڑ روپے میں فروخت کیا تھا۔ اس وقت کی حکومت کی جانب سے تحفے کے عوض چند لاکھ روپے توشہ خانہ میں جمع کروائے جانے کی اطلاعات کے بعد ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور کے ایک مشہور جیولر نے 18 کروڑ روپے کا یہ ہار خریدا ہے۔ قانون کے مطابق ریاستی اہلکاروں کو معززین سے ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کروانے کی ضرورت ہے۔ اگر وہ تحفہ جمع کرنے میں ناکام رہتے ہیں یا کم از کم نصف رقم تحفہ کی قیمت نہیں مقرر کی گئی ہے تو یہ ایک غیر قانونی عمل ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts