لاہور (جدوجہد رپورٹ) کولمبیا میں بائیں بازو کے صدارتی امیدوار گسٹاو پیٹرو کا 19 جون کو رن آف الیکشن میں دائیں بازو کے تاجر روڈلفوہرنینڈس سے مقابلہ ہو گا۔ پیٹرون نے اتوار کے روز صدارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 40 فیصد سے زائد ووٹوں کے ساتھ جیتا تھا۔ تاہم پہلے راؤنڈ کی فتح کا اعلان کرنے کیلئے درکار اکثریت سے ان کے ووٹ کم تھے۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق حیران کن نتیجے کے طور پر انتہائی دائیں بازو کے امیدوار ہرنینڈس دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ وہ ایک رئیل اسٹیٹ ٹائیکون ہیں، جو خود کو ایڈولف ہٹلر کا پیروکار کہتے تھے۔
تاہم پیٹرو ایک سابق گوریلا ممبر ہیں، جنہوں نے ٹیکس اصلاحات اور پنشن سیونگز کی دوبارہ تقسیم سمیت تاریخی پالیسیوں کے ساتھ کولمبیا میں بگڑتی ہوئی عدم مساوات کے خلاف لڑنے کا عزم کیا ہے۔
پیٹرو کے ساتھی گولڈ مین انعام یافتہ ماحولیاتی کارکن فرانسیامارکیز مینا ہیں، جو کولمبیا کے پہلے سیاہ فام نائب صدر بن سکتے ہیں۔ پیٹرو اور مینا دونوں کو اپنی مہم کے دوران متعدد جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
تاہم انتخابات کے پہلے مرحلے میں انہیں حاصل ہونے والے ووٹ کولمبیا میں بائیں بازو کے نظریات کی مقبولیت کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔