راولاکوٹ(پ ر)پبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن ضلع پونچھ کی کال پر سینکڑوں سرکاری ملازمین نے راولاکوٹ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شہر کا چکر لگانے کے بعد ملازمین نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں جمع ہو کر احتجاجی کیمپ قائم کیا۔
یہ احتجاج سرکاری ہسپتالوں اور بالخصوص سی ایم ایچ میں ملازمین کے لیے لوکل پرچیز(ایل پی)کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ واپس لینے، فیلڈ ملازمین اور دفتری اوقات کے دوران بائیومیٹرک کے خاتمے، ایڈہاک ملازمین کی مستقلی، پی ڈی اے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی، ورک چارج ملازمین کی اجرت سرکاری نوٹیفکیشن کے تحت37ہزار روپے کرنے، ملازمین کے بچوں کا کوٹہ بحال کرنے، ڈیتھ الاؤنس 200فیصد کرنے،یونیورسٹی ملازمین کو میڈیکل الاؤنس دینے اور پنشن اصلاحات واپس لینے جیسے مطالبات کی منظوری کے لیے کیا گیا تھا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چارٹرآف ڈیمانڈفوری طورپرمنظوری کرتے ہوئے ملازمین کی فلاح وبہبودکے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔اگرایسانہ کیاگیاتوملازمین بھرپورقوت سے اپنے مطالبات منظورکروانے کے لئے کوئی بھی راست اقدام سے گریزنہیں کریں گے۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض سردار داؤد رفیق نے سر انجام دیے،جبکہ اجتماع سے سردار خالد محمود (سر پرست اعلیٰ ہیلتھ ایمپلائز)، افتخار شاہین (مرکزی صدرپی ڈبلیوڈی)، خورشید اقبال (صدرپبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن)، جاویدعزیز(نائب صدر)، ناظم افتخار(فوڈایسوسی ایشن) آصف حنیف (مرکزی نائب صدر اپیکا)، مسرت ملک (کوٹلی)، سردار امتیاز خان(سابق مرکزی چیرمین و صدر اپیکا)، اعجاز شاہ سوار خان، ایس ایم عارف خان، لالہ قیوم(صدر فنی ملازمین ضلع پونچھ)، انس عزیز(صدرایڈہاک موؤمنٹ)،قاضی اقبال(صدر فوڈایمپلائز)،ارسلان تاج(اپیکاء)،ہارون رشید(نائب صدر ریونیوایمپلائز)، امجدنعیم،زرین خان(صدر پی ڈی اے ملازمین) شفقت خان(ایپکا)،شہاب عارف (سینئرنائب)،امتیاز خان(سینئرنائب صدر پیرامیڈیکس)، عبدالرحمن(صدر ٹیچرآرگنائزیشن حویلی)،شاہد حسین عباسی(مرکزی سیکرٹری مالیات پی ڈبلیوڈی ورکز)، وسیم صادق (بلدیہ ایسوسی ایشن)، محمدآصف، شوکت شاکر، ندیم بٹ ودیگرنے خطاب کیا۔
پبلک سیکٹرایمپلائزکے صدرخورشیداقبال نے خطاب کرتے ہوئے اگلے لائحہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 فروری کوبھرپوراحتجاج کیاجائے گا۔جس میں پورے پونچھ کے ملازمین ڈسٹرکٹ کمپلیکس پی ڈی اے آفس کے سامنے جمع ہوں گے اور تحصیل سطح پر بھی پروگرامات ہوں گے۔