خبریں/تبصرے

164,332 ٹن پلاسٹک ویسٹ: سندھ دنیا کا دوسرا گندا ترین دریا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان میں پانی کی ضرورت پوری کرنے والا اہم ترین دریائے سندھ دنیا کا دوسرا سب سے آلودہ ترین دریا ہے۔ دریائے سندھ سالانہ 1 لاکھ 64 ہزار 332 ٹن پلاسٹک ویسٹ سمندر میں ڈالتا ہے۔ دنیا کا پہلا، تیسرا اور چوتھا آلودہ ترین دریا چین میں واقع ہیں۔

یہ انکشاف ’ڈان‘ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کیا گیا ہے۔ آلودگی کی وجہ سے دریا میں پائی جانے والی پودوں کی مختلف انواع معدوم ہوتی جا رہی ہیں۔ تاہم کچھ عناصر کو حکومتی منصوبہ جات (دیامر بھاشا ڈیم وغیرہ) کی وجہ سے مٹایا جا رہا ہے۔ آلودگی کی وجہ سے ہی دریا میں مچھلیوں کی نسلیں بھی معدوم ہوتی جا رہی ہیں۔

’مضمون‘ کے مطابق پنجاب کے علاقہ تونسہ سے سندھ کی منچھر جھیل تک پھیلے کشتیوں پر رہنے والے مقامی ماہی گیر اب غائب ہو چکے ہیں۔ پانی میں مچھلی موجود نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنا آبائی پیشہ ترک کر کے شہروں میں جا کر مزدوری کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

پانی کا بہاؤ متاثر ہونے کی وجہ سے ڈیلٹا بھی اب ختم ہوتا جا رہا ہے۔ کئی مقامات پر دریا میں کشتی چلانا بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ دوسرے لفظوں میں دریا کے قدرتی بہاؤ میں چھیڑ چھاڑ، ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر عوامل کی وجہ سے پانی کا بہاؤ کم ہو جانے کی وجہ سے ڈیلٹا کا رقبہ مسلسل کم ہوتا جا رہا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts