لاہور (جدوجہد رپورٹ) حکومت پاکستان کی جانب سے آئندہ حج کیلئے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے 200 اہلکاروں اور افسروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
’دی نیوز‘ کے مطابق صرف وزیر مذہبی امور کے دفتر سے کل 35 ارکان کی فہرست تیار کی گئی ہے، جن میں 5 ڈرائیور، 4 گن مین، 1 باورچی اور 11 پرسنل سیکرٹریز اور معاونین شامل ہیں۔ وزیر خود بھی اس سال حج کرینگے۔
سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب اکبر درانی کے مطابق ’وزارت کا عملہ ہر سال جاتا ہے۔ ڈرائیور اور گن مین جیسے عملے کو سامان لے جانے وغیرہ جیسے کاموں میں مدد کیلئے ٹیگ کیا جاتا ہے۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’ہمیں ایک تناسب دیا جاتا ہے جو ہم ہر سال وزارتوں کے عملے سے حج کیلئے لے سکتے ہیں۔ اس فہرست میں سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز، جوائنٹ سیکرٹریز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے سٹاف ممبران بھی شامل ہیں۔‘
دستاویزات کے مطابق 200 لوگوں کی اس فہرست میں کل 16 ڈرائیور ہیں، جن میں سے 20 سے زیادہ لوگوں کی شناخت سکیورٹی گارڈ/گن مین/چوکیدار کے طو رپر کی گئی ہے اور فہرست میں تین سٹینو ٹائپسٹ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ باورچی، ٹیوب ویل ورکرز اور پمپ آپریٹرز بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جو سعودی عرب جانے والے عازمین کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
وزارت کے مختلف ونگز اور محکموں کے ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹر جنرلز اپنے عملے کے ساتھ حج ادا کرینگے اور وہ فہرست کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ اس فہرست میں 22 سے زائد افراد کا تذکرہ اپر ڈویژن کلرک اور لوئر ڈویژن کلرک کے طورپر کیا گیا ہے، جن کے اس سال حج کرنے کی امید ہے۔ مزید برآ، فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ ضلعی تعلیمی افسران، ضلعی کوآپریٹو افسران، اسسٹنٹ آڈٹ افسران اور ضلعی طبی افسران کے بھی عازمین کے ساتھ آنے کی توقع ہے۔
حکومت نے حج 2022ء کے پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے سفر کے دوران اخراجات 8 لاکھ 50 ہزار سے زائد کر دیئے جبکہ حکومت عازمین حج کی مدد کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کابینہ نے حجاج کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کی امدادی رقم کی منظوری دی ہے، جس کے بعد حج پیکیج کی کل لاگت کم ہو کر 7 لاکھ روپے رہ جائیگی۔
یوں ایک شخص کے حج اخراجات کے طور پرساڑھے 8 لاکھ روپے کو مد نظر رکھتے ہوئے 200 افراد کیلئے تقریباً 170 ملین روپے کی رقم حکومت پاکستان سرکاری خزانے سے ادا کرے گی۔