لاہور (جدوجہد رپورٹ) جرمنی کے فلیگ شپ کیریئر ڈوئچے لفتھانزا نے بدھ کے روز گراؤنڈ عملے کے ایک دن کے واک آؤٹ سے قبل 1000 سے زائدپروازیں منسوخ کر دیں۔
’الجزیرہ‘ کے مطابق ہڑتالوں اور عملے کی کمی نے پہلے ہی متعدد ایئر لائنز کو ہزاروں پروازیں منسوخ کرنے پرمجبور کر دیا ہے اوربڑے ہوائی اڈوں پر گھنٹوں لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ فضائی حدود محفوظ ہیں، کیونکہ مزید ایئر لائنز پروازیں منسوخ کر رہی ہیں۔
لفتھانزا نے منگل کے روز کہا کہ اس نے اپنے فرینکفرٹ کے مرکز میں 678 پروازیں منسوخ کر دی ہیں اور میونخ میں 345 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس اقدام سے 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ تنخواہوں میں 9.5 فیصد اضافے کے مطالبہ پر مزدور یونین ’وردی‘ کی طرف سے یہ ہڑتال کال کی گئی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے جمعرات اور جمعہ کو کچھ مزید پروازیں تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں۔
گزشتہ ماہ جون کے آغاز میں لفتھانزا نے ہوائی اڈوں پر عملے کی کمی کے ساتھ ساتھ صنعتی کارروائی اور کورونا وبا کا حوالہ دیتے ہوئے فرینکفرٹ اور میونخ سے موسم گرما کی 2 ہزار اضافی پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 17 جولائی کو اٹلی کے ایئرلائنز ملازمین اور ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی 4 گھنٹے کی ہڑتال کی وجہ سے 500 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ یہ ہڑتال ایئر لائن کے کارکنان کی بہتر تنخواہ کے ساتھ ساتھ کام کے بہتر حالات بشمول لمبی شفٹوں میں کھانے کی فراہمی کے مطالبات کے گرد منظم ہوئی تھی۔
رواں ماہ کے پہلے ہفتے سویڈن میں پائلٹس نے ہڑتال کر دی تھی جس سے پورے سکینڈے نیویا میں ائر ٹریفک مسائل کا شکا ر رہی۔