لاہور (جدوجہد رپورٹ) اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں فوج اور ایک نیم فوجی گروپ کے درمیان جاری جنگ کے نتیجے میں 8 لاکھ افراد ہجرت پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے باوجود دارالحکومت خرطوم میں فضائی حملے جاری ہیں۔ لڑائی کے 18 دن بعد سوڈان کا صحت کا نظام بڑی حد تک تباہ ہو چکا ہے اور امدادی کارکن پانی، خوراک اور ایندھن کی شدید قلت کے باعث دارالحکومت کی گلیوں میں لاشوں کے ڈھیروں کے ساتھ تیزی سے مایوس کن مناظر بیان کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ ہائی کمشنر برائے مہاجرین رؤف مازو کا کہنا تھا کہ ’اس بحران کے فوری حل کے بغیر ہم مزید لوگوں کو حفاظت اور بنیادی امداد کی تلاش میں بھاگنے پر مجبور ہوتے دیکھیں گے۔ اب تک تقریباً 73 ہزار لوگ پڑوسی ملکوں میں پہنچ چکے ہیں۔‘