خبریں/تبصرے

مبینہ ریاست مخالف پوسٹیں: پیکا ایکٹ کے تحت 22 سیاسی کارکنوں کو سائبر کرائم کے نوٹس جاری

لاہور(جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے زیر انتظام علاقے گلگت بلتستان کے کم از کم 22سیاسی کارکنوں کو پیکا ایکٹ کے تحت سائبر کرائم کے نوٹس جاری کر کے ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر گلگت میں طلب کیا گیا ہے۔

’جدوجہد‘ کو موصول ہونے والے دو نوٹس ابرار علی ولد علی مدد اورمحمد تقی ولد یعقوب شاہ کو جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایسے نوٹس 20مزید سیاسی کارکنوں کو جاری کئے گئے ہیں۔

نوٹس کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سنٹر گلگت ان کے خلاف انکوائری کر رہا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ریاست مخالف مواد پوسٹ کیا ہے۔ نوٹس کے مطابق یہ معاملہ بادی النظر میں پیکا ایکٹ2016کی سیکشن 10کے تحت جرم ہے۔

نوٹس کے ذریعے ان کارکنوں کو اپنے موبائل فون اور اصل شناختی کارڈ کے ہمراہ 4ستمبر2024کو دن 12بجے ایف آئی اے سائبر کرائم سنٹر واقع محبوب منزل نمبر6چنار باغ طلب کیا گیا ہے۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماضی میں دو نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں لیکن یہ کارکنان قانونی عمل کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ اس لئے عدم حاضری کی صورت میں یہ تصور کر لیا جائے گا کہ ان کے پاس صفائی کیلئے کچھ نہیں ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts