لاہور (جدوجہد رپورٹ) کیوباکی کمیونسٹ پارٹی (پی سی سی) کی آٹھویں کانگریس شروع ہو گئی ہے۔ یہ کانفرنس 16 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہے گی۔ کیوبن انقلاب کے قائد فیدل کاسترو کے بغیر یہ پارٹی کی پہلی کانگریس منعقد ہو رہی ہے۔
ٹیلی سور کے مطابق آٹھویں پارٹی کانگریس کے دوران کمیونسٹ پارٹی اپنی مرکزی کمیٹی کی رکنیت کیلئے عمر کی کم از کم حد 60 سال جبکہ قیادت کے اہم عہدوں کیلئے عمر کی کم از کم حد 70 سال طے کریگی۔ کیوبا کے صدر میگل ڈیاز کینل کا کہنا ہے کہ ”اس نئی کانگریس میں راؤل کاسترو کی سربراہی میں تاریخ نسل کے رہنما آج نئے کمیونسٹوں کو انقلاب اور سوشلزم کی شمع تھمائیں گے۔“
راؤل کاسترو نے اپریل 2016ء میں منعقدہ ساتویں کانگریس کے موقع پر کہا تھا کہ ”پارٹی ممبران کی نئی نسل میں قیادت کی منتقلی اس تحریک کو نئی جہت فراہم کریگی۔“ انکا کہنا تھا کہ ”ہر گزرتے لمحے وقت ہم سے دور ہوتا اور زندگی کو مختصر کرتا جا رہا ہے، ان تبدیلیوں کے ساتھ ہم آج، کل اور ہمیشہ کیلئے اپنے انقلاب کی عظیم قیادت کی تیاری کر رہے ہیں، یہ ہماری کمیونسٹ پارٹی ہے۔“
کیوبن صدرکا کہنا تھا کہ ”یہ ایک غیر معمولی کانگریس ہو گی کیونکہ یہ عالمی صحت کے بے مثال بحران کے دوران ہو گی۔ ہم وبائی مرض کے درمیان آٹھویں پارٹی کانگریس میں شرکت کریں گے، دوسرے ہم سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلہ میں بہت اچھے نتائج کے ساتھ اور اپنی 5 ویکیسن کے کلینکل ٹرائل مکمل کرتے ہوئے۔“
کیوبا کی یہ پارٹی کانگریس کیوبا پر امریکی حملے ’بے آف پگز‘کی تاریخی ناکامی کے 60 سال بعد منعقد ہو رہی ہے، اس کے علاوہ فیدل کاسترو کی جانب سے کیوبا کے انقلاب کے سوشلسٹ کردار کے اعلان کی ساٹھویں سالگرہ کے ساتھ بھی اس کانگریس کی اتفاقی موافقت ہو گی۔