خبریں/تبصرے

این ایس ایف کا اجلاس: افطار پروگرامات یوم مزدور سے منسوب، بینک ملازمین کی حمایت

راولاکوٹ (جدوجہد رپورٹ) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ریاست گیر افطار پروگرامات کو عالمی یوم مزدور سے منسوب کرتے ہوئے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ بینک ملازمین کے اوقات کار اور دیگر مطالبات کے حق میں جاری ملک گیر احتجاج کی حمایت کا بھی اعلان کیا گیا ہے اور فوری طور پر مطالبات منظور کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مئی میں طلبہ حقوق مہم چلانے، تنظیمی میگزین ’عزم‘ کی اشاعت، آئین و منشور کی اشاعت اور ضلعی کنونشن منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ جات جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کوٹلی میں منعقدہ مرکزی اجلاس میں کئے گئے ہیں۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر خلیل بابر نے کی، جبکہ اجلاس میں سابق مرکزی صدور بشارت علی خان، ابرار لطیف اور مرکزی کابینہ اور کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریاست گیر افطار پروگرامات کو یوم مزدور سے منسوب کرتے ہوئے محنت کش طبقے کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یکم مئی کو احتجاجی ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔

مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، پلندری، داتوٹ، جامعہ پونچھ، پوسٹ گریجویٹ کالج، ہجیرہ، عباسپور، گھمیر، سیراڑی، تیتری نوٹ، دیوی گلی، علی سوجل، کھائی گلہ اور راولپنڈی سمیت دیگر مقامات پر افطارپروگرامات اور سیمینار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جون میں تنظیمی میگزین ’عزم‘ کی اشاعت یقینی بنائی جائیگی۔ ایڈیٹوریل بورڈ میں مزید نام تجویز کئے گئے ہیں۔ باسط ارشاد، مجیب خان، معیظ اختر، ارسلان شانی اور سعد الحسن بھی رکن ایڈیٹوریل بورڈ نامزد کئے گئے ہیں۔ جولائی میں ضلع پونچھ کا کنونشن منعقد کرنے اور اس کے بعد دیگر کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مئی میں طلبہ یونین بحالی، یکساں نظام تعلیم اور دیگر طلبہ حقوق کی بازیابی کیلئے ملک گیر طلبہ حقوق مہم شروع کرتے ہوئے ریاست بھر اور بیرون ریاست طلبہ کو موبلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں ماہ جے کے این ایس ایف کا آئین و منشور از سر نو شائع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس سے مرکزی صدر خلیل بابر، سا بق مرکزی صدور بشارت علی خان، ابرار لطیف، سیکرٹری جنرل باسط ارشاد، چیف آرگنائزر سعد خالق، چیئرمین سٹڈی سرکل بورڈ سعد الحسن، ایڈیٹر عزم بدر رفیق، ڈپٹی چیف آرگنائزر عثمان عزیز، ڈپٹی چیئرمین سٹڈی سرکل خرم چوہان، ارسلان شانی، مجیب خان، نقاش امین، حنان بابر، اسامہ پرویز اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ حقوق کی بازیابی، جموں کشمیر کی آزادی اور سوشلسٹ انقلاب کی حتمی فتح تک جدوجہد کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts