خبریں/تبصرے

ماحولیات کا دشمن کوکا کولا: سالانہ تین ملین ٹن پلاسٹک ویسٹ پیدا کرتا ہے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) دنیا میں کولڈ ڈرنکس کیلئے شہرت رکھنے والی ملٹی نیشنل کمپنی ’کوکا کولا‘ دنیا میں پلاسٹک ویسٹ پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی بن کر سامنے آئی ہے۔

تاہم کمپنی کی جانب سے دنیا میں سب سے زیادہ پلاسٹک ویسٹ پیدا کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کا موجب بننے کے اس عمل کا دفاع کرتے ہوئے صارفین کی پسند اور کاروبار کو جاری رکھنے کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے۔

’ٹیلی سور‘ کی ویڈیو رپورٹ کے مطابق کوکا کولا ہر ایک منٹ میں 2 لاکھ پلاسٹک بوتلیں بناتی ہے، جو سالانہ تین ملین ٹن پلاسٹک کے برابر بنتی ہیں۔ یہ تمام بوتلیں ایک بار استعمال کیلئے ہوتی ہیں اور اکثریت ری سائیکل بھی نہیں ہو پاتی۔

ورلڈ اکنامک فورم میں کمپنی کی جانب سے اس عمل کا دفاع کیا گیا ہے۔ کمپنی کا موقف ہے کہ کمپنی یہ طریقے تبدیل نہیں کر سکتی، کیونکہ صارفین پسند نہیں کرینگے اور کمپنی کو نقصان ہو گا۔ اگر ہم صارفین کو ان کی مرضی کی سہولیات نہیں فراہم کرتے تو پھر کاروبار کاروبار نہیں رہتا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا میں ماحولیاتی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہونے کے پیچھے ایک بڑی وجہ پلاسٹک ویسٹ ہے۔ جہاں فطرت کے استحصال میں سرمایہ داروں کی منافع خوری ہمیشہ کارفرما رہی ہے، وہیں یہ منافع کی ہوس اب کرۂ ارض کو مکمل تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر چکی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts