لاہور (جدوجہد رپورٹ) یورپی یونین کے مذاکرات کاروں کی جانب سے امریکہ اور ایران کے دستخط کرنے کیلئے حتمی مسودے کا متن تیار کیا ہے۔ کئی مہینوں کی مسلسل ناکامی کے بعد اب ایران جوہری معاہدے کی بحالی کے امکانات واضح ہوتے جا رہے ہیں۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق معاہدہ کا امکان زیادہ دکھائی دیتا ہے، کیونکہ ایران کا امریکہ سے پاسداران انقلاب کو دہشت گردوں کی بلیک لسٹ سے نکالنے کے اصل مطالبات سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ اسی طرح مستقبل کے امریکی صدور کو جوہری معاہدے سے نکلنے کا اختیار نہ دیئے جانے کے مطالبے سے بھی ایران پیچھے ہٹ گیا ہے۔
ماضی میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جوہری معاہدہ ختم کر کے ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایران یہ مطالبہ کر رہا تھا کہ جو معاہدہ کیا جائے اس سے دستبرداری کا امریکی صدر کے پاس اختیار نہ ہو۔
یہ سب ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہا ہے، جب ایک ایرانی شخص پر متعدد امریکی اہلکاروں کے مبینہ قتل کی سازش کا الزام عائد کرنے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ بڑھتا جا رہا ہے۔