خبریں/تبصرے

تائیوان نے چین کا ڈرون مار گرایا: بھارت، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں

لاہور (جدوجہد رپورٹ) تائیوان نے چین کا ڈرون مار گرایا ہے، دوسری جانب بھارت، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں جاری ہیں۔

’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق تائیوان حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے پہلی بار چین سے آنے والے سویلین ڈرون کو مار گرایا ہے۔ جمعرات کو تائیوان کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے آبنائے تائیوان کو عبورکرنے والے بغیر پائلٹ طیارے کی بار بار دراندازی کا متناسب جواب دیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ”چین کے ڈرون ہمارے ملک میں اڑ رہے ہیں اور اندرونی پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرنے کیلئے ویڈیوز بنا کر بھیج رہے ہیں۔ ہم نے چین کو بار بار خبردار کیا ہے کہ وہ حملہ اور مداخلت نہ کرے۔ نیز تائیوان کے لوگ ان اقدامات پر ناراضگی محسوس کرتے ہیں۔“

دوسری جانب روس نے لائیو فائر فوجی مشقیں شروع کی ہیں، جن میں چین، بھارت اور دیگر ملکوں کے فوجی شامل ہیں۔ روس کے مشرق بعید اور بحیرہ جاپان میں ایک ہفتہ طویل جنگی مشقوں میں روس، چین، کئی سابق سوویت جمہوریاؤں کے علاوہ الجزائر، شام، منگولیا، لاؤس اور نکاراگوا کے تقریباً 50 ہزار فوجی شامل ہیں۔ بھارت نے بھی مشقوں میں شامل ہونے کیلئے 75 فوجیوں پر مشتمل ایک چھوٹا دستہ بھیج رکھا ہے۔

یہ صورتحال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنوبی کوریا اور امریکی فوجیوں کی مشترکہ فورس شمالی کوریا کی سرحد سے 20 مل سے بھی کم فاصلے پر برسوں میں اپنی سب سے بڑی لائیو فائر مشقیں کر رہی ہے اور صرف دو ہفتے بعد آسٹریلیا اور کینیڈا کے فوجی، جنوبی کوریا اور جاپان کی فوجوں کے ساتھ ساحل پر امریکی زیر قیادت جنگی مشقوں میں شامل ہوئے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts