لاہور (جدوجہد رپورٹ) آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہدائے شکاگو کی قربانیوں کی یاد میں عالمی یوم مزدور منایا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں محنت کشوں کی نمائندہ تنظیمیں اور ٹریڈ یونینیں اس دن کو یوم تجدید عہد کے طور پر منا رہی ہیں۔ دنیا بھر میں ریلیاں، جلسے، جلوس، سیمینار اور دیگر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
پاکستان کے تمام شہروں اور اس کے زیر انتظام علاقوں میں بھی عالمی یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کی نجات کیلئے برسرپیکار انقلابی تنظیمیں، ٹریڈ یونینیں اور بائیں بازو کی طلبہ تنظیمیں جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینار منعقد کر رہی ہیں۔
ان پروگرامات میں شہدا شکاگو کی قر بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی اور ملکی سطح پر محنت کشوں کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے کے علاوہ محنت کشوں کی نجات کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔