خبریں/تبصرے

پائیدار سیاسی حل کے بغیر معیار زندگی میں بہتری کا امکان نہیں: گیلپ سروے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) رواں ہفتے جاری ہونے والی گیلپ سروے رپورٹ کے مطابق صرف 16 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ ان کی مقامی معیشت بہتر ہو رہی ہے، جو کہ افغانستان کے علاوہ خطے میں سب سے بری حالت میں ہے۔

’ڈان‘ کے مطابق گیلپ ورلڈ پول کے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں معاشی پریشانیاں بدامنی سے جڑی ہوئی ہیں، قومی معیشت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

ملک گیر مایوسی کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے سروے نوٹ کرتا ہے کہ پاکستا ن میں بدعنوانی کے تاثرات ریکارڈ بلندیوں کو چھو چکے ہیں، معیار زندگی گر گیا ہے اور لاکھوں لوگ اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس معاشی بحران سے سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

رپورٹ کے مصنفین نے بتایا کہ ’افغانستان کے علاوہ، جہاں طالبان کے قبضے کے بعد معیشت تباہ ہو چکی ہے، پاکستان معاشی حالات کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایشیا پیسیفک خطے کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں بہت نیچے ہے۔ یہ ریکارڈ پر سب سے کم پوائنٹس میں سے ایک ہے۔

ریکارڈ 86 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ ملک کی حکومت میں بدعنوانی بڑے پیمانے پر ہے اور 80 فیصد کا خیال ہے کہ کاروبار میں بھی بدعنوانی ریکارڈ بلندیوں پر پہنچ گئی ہے۔

حالیہ سیاسی بحران اور طویل عرصے سے جاری معاشی بحران کے درمیان تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے مصنفین نے نشاندہی کی کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کی معیشت میں ریکارڈ افراط زر، اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری اور ترسیلات زر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

2022ء میں 19 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ ان کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے اور 48 فیصد نے کہا کہ معیار زندگی بدتر ہو رہا ہے۔ اسی عرصے کے دوران پاکستان نے دنیا بھر میں سب سے بڑی 30 فیصد ایسے افراد کی کمی دیکھی جو کہتے ہیں کہ ان کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سروے میں شامل ہر 10 میں سے 4 افراد نے کہا کہ انہیں گزشتہ سال بعض اوقات کھانا حاصل کرنا مشکل محسوس ہوا۔
سروے کے مطابق خواتین مردوں کے مقابلے میں معاشی بحران سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ بحران سے 51 فیصد خواتین، جبکہ 36 فیصد مرد متاثر ہوئے ہیں۔ 2022ء میں پناہ کے متحمل ہونے کیلئے جدوجہد کرنے والے پاکستانیوں کا تناسب بھی بڑھ کر 32 فیصد ہو گیا، جو اس کے ریکارڈ پر سب سے زیادہ پوائنٹس میں سے ایک ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts