خبریں/تبصرے

غیر ملکی تعلیمی این جی اوز پر طالبان نے پابندی عائد کردی: یونیسف کا اظہار تشویش

لاہور (جدوجہد رپورٹ) یونیسف نے جمعرات کو کہا کہ افغانستان کی طالبان حکومت نے بین الاقوامی این جی اوز پر سکول سے باہر افغان بچوں کو تعلیم دینے پرپابندی لگا دی ہے، جس سے 5 لاکھ لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم خطرے میں پڑی گئی ہے۔

’ڈان‘ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی نے کہا کہ وہ ان رپورٹوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں کہ حکام نہیں چاہتے کہ غیر ملکی تنظیمیں تعلیم کے شعبے میں براہ راست ملوث ہوں۔

دو سال قبل اقتدار پرقبضہ کرنے کے بعد سے طالبان حکام نے لڑکیوں اور خواتین کو سیکنڈری سکولوں اور یونیورسٹیوں میں جانے سے روک دیا تھا۔

یونیسف نے ایک بیان میں کہا کہ ’ان رپورٹوں پر گہری تشویش ہے کہ اگر تعلیم کے میدان میں کام کرنے والی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کو مزید کام کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو ایک ماہ کے اندر 5 لاکھ سے زائد بچے، جن میں 3 لاکھ لڑکیاں بھی شامل ہیں، کمیونٹی بیسڈ ایجوکیشن کے ذریعے سے معیاری تعلیم سے محروم ہو سکتے ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ایجنسی مطلع کردہ ہدایات کو بہتر طور پر سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم طالبان رہنماؤں نے اب تک عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts