خبریں/تبصرے

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی میٹنگ: پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کا قرضوں کی منسوخی کا مطالبہ

لاہور (پ ر) پاکستان کسان رابطہ کمیٹی اور لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور پاکستان کے لئے فوری قرضوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے وقت پر کیا گیا۔ ان اجلاسوں میں بینکوں، وزرائے خزانہ، پارلیمنٹیرینز، نجی شعبے کے ایگزیکٹوز، سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندگان اور دیگر ماہرین غربت کے خاتمے، اقتصادی ترقی اور امداد کی موثریت سمیت عالمی تشویش کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق نے اس موقع پرکہا کہ، "2022 کے تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصانات پر غور کیے بغیر آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان پر عائد شرائط پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا ہے۔ 40 لاکھ سے زائد افراد اب بھی سڑک کے کنارے قائم کیمپوں میں رہتے ہیں اور لاکھوں بچے اب بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ، "آئی ایم ایف اور عالمی بینک متعدد بحرانوں کے حل کے طور پر قرضوں پر زور دے رہے ہیں لیکن وہ جس طرح کے حل کو فروغ دے رہے ہیں، اس نے قرضوں کے مسئلے کو مزید خراب کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ، "ہمیں اب قرضوں کی منسوخی کی ضرورت ہے تاکہ ہماری حکومت کو پاکستان کے قرضوں کی ادائیگی یا غربت، بھوک اور موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے میں سے کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے۔ "

مظاہرین نے فوسل فیول کے منصوبوں سے متعلق قرضوں کی منسوخی کا بھی مطالبہ کیا۔ ایشین پیپلز موومنٹ آن ڈیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کے کنٹری پروگرام منیجر ضیغم عباس نے کہا کہ، "آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے کوئلے، تیل اور گیس کے اخراج اور عالمی جنوب میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے قرضے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی کو تیز کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں کے نتیجے میں جبری نقل مکانی، ذریعہ معاش کا نقصان اور ماحولیاتی نظام کی تباہی ہوئی ہے، سماجی عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی جنوب کے ممالک میں غربت کے چکر کو برقرار رکھا ہے۔”

خیال رہے کہ لاہور کے علاوہ اسی طرح کے مظاہرے ایشیا کے مختلف ممالک میں بھی کیے گئے جن میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts