خبریں/تبصرے

سعودی عرب: رامائن اور مہا بھارت بھی نئے تعلیمی نصاب میں شامل

لاہور (جدوجہد رپورٹ) سعودی عرب میں اب طلبہ کو رامائن اور مہا بھارت کی تعلیم بھی دی جائے گی۔ رامائن اور مہا بھارت کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنائے جانے کا یہ فیصلہ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی عرب ویژن 2030ء کے تحت نئے تعلیمی ویژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد دوسرے ممالک کی تاریخ اور ثقافت کا مطالعہ کرنا ہے تا کہ طلبہ کو مختلف ثقافتوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کی جا سکیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق رامائن اور مہا بھارت کو نصاب میں شامل کرتے ہوئے اس مطالعہ میں عالمی سطح پر اہم ہندوستانی ثقافتوں مثلاً یوگا اور آیوروید پر توجہ دی جائیگی تا کہ طلبہ کے ثقافتی علم اور نمائش کو وسعت دی جا سکے۔

رامائن اور مہا بھارت کے تعارف کے علاوہ نئے ویژن میں انگریزی زبان کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایک ٹویٹر صارف ’نوف المروی‘ نے بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے اس نصاب سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔

ٹویٹ کے مطابق ”سعودی عرب کا نیا ویژن 2030ء اور نصاب ایک ایسا مستقبل بنانے میں مددگار ہو گا جو جامع، لبرل اور روادار ہو۔“ ٹویٹ کے ساتھ نوف المروی نے اپنے بیٹے کے نصاب کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں ثقافتوں کی ایک وسیع فہرست موجود ہے۔

انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ”سماجی علوم کی کتاب میں آج میرے بیٹے کے سکول کے امتحان میں ہندو مذہب، بدھ مت، رامائن، کرما، مہا بھارت اور دھرم کے تصورات اور تاریخ شامل ہے۔ میں اس کی مطالعہ میں مدد کرتے ہوئے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts