خبریں/تبصرے

صنفی بنیادوں پر تنخواہوں میں سب سے زیادہ فرق پاکستان میں ہے: آئی ایل او

لاہور(جدوجہد رپورٹ) انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن(آئی ایل او) کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا بھر میں تنخواہوں میں سب سے زیادہ صنفی فرق والے ملکوں میں سے ایک ہے۔ ان ملکوں میں زیادہ تر شعبوں میں خواتین کی آمدن مردوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔

’ڈان‘ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تنخواہوں میں یہ فرق مہارت، تعلیم یا لیبر مارکیٹ کی خصوصیات میں فرق کی وجہ سے نہیں، بلکہ اس کی وجہ بڑی حد تک غیر واضح ہے اور یہ صنف کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی موجودگی کو واضح کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستا ن میں صنفی بنیادوں پر تنخواہوں میں فرق جنوبی ایشیائی ملکوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

سری لنکا میں فی گھنٹہ اجرت کی بنیاد پر صنفی بنیادوں پر فرق22فیصد، نیپال میں یہ شرح 18فیصدہے، جبکہ بنگلہ دیش میں تنخواہوں کا یہ فرق الٹ یعنی منفی5فیصد ہے، جس کا مطلب ہے کہ خواتین اوسطاً مردوں کے مقابلے میں قدرے زیادہ کماتی ہیں۔

پاکستان میں فی گھنٹہ اجرت کے لحاظ سے صنفی بنیادوں پر فرق 25فیصد اور ماہانہ اجرت کے لحاظ سے 30فیصد ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ خواتین مردوں کے ایک ہزار روپے کمانے کے مقابلے میں 700یا 750روپے کے درمیان کماتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برسوں میں اس فرق میں کسی حد تک کمی آئی ہے۔ 2018میں صنفی بنیادوں پر تنخواہوں میں فرق33فیصد تھا، جو بتدریج کم ہوا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts