راولا کوٹ (حارث قدیر) یونان کے 500 سے زائد مقامات پر پھیلنے والی جنگل کی شدید آگ سمیت دنیا کے مختلف خطے اس وقت جنگلاتی آگ کی لپیٹ میں ہیں۔
جنگلاتی آگ کی وجہ سے جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے جبکہ آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
یونان میں گزشتہ 9 ایام سے 500 سے زائد مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے۔ پیلوپنیزے میں بھی آگ بھڑکنے کی وجہ سے مزید 20 دیہات خالی کروا لئے گئے ہیں۔ یونان میں گزشتہ 9 روز میں بے شمار دیہات جل کر تباہ ہو چکے ہیں اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ خشک موسم اور تیز ہواؤں کی وجہ سے جنگلاتی آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آگ بجھانے کیلئے یونانی اداروں کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص جرمنی، برطانیہ، فرانس، روس اور دیگر ممالک کا عملہ بھی کام کر رہا ہے۔
یونانی جزیرے ایویا میں لگی آگ پر ہیلی کاپٹرز سے پانی پھینکنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
یونان کے علاوہ اس وقت امریکہ میں کیلیفورنیا کے علاقے جنگلاتی آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ الجزائر میں آگ کی وجہ سے 42 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں، جنوبی ترکی میں جنگلاتی آگ کی وجہ سے 4 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
روس کے علاقے سائبریا کے شہر کوٹسک کے جنگلاتی علاقے بھی آگ کی لپیٹ میں ہیں اور اب تک ساڑھے 11 ملین ہیکٹر علاقہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے۔
سپین کے علاقے کاتالونیااور اٹلی کے علاقوں میں بھی جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی ہے، جبکہ پرتگال میں آگ سے بچاؤ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔