خبریں/تبصرے

کوئٹہ: پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین کی مبینہ گرفتاری، گاڑی پر فائرنگ سے ساتھی زخمی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی گاڑی پر مبینہ فائرنگ اورانکی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔

پی ٹی ایم کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق منظور پشتین ساتھیوں سمیت ایک کار میں جا رہے تھے کے ژوب کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پی ٹی ایم کے صوبائی کوآرڈینیٹر نور باچا زخمی ہو گئے ہیں۔ نور باچا کو 3 گولیاں لگی ہیں، تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ٹویٹر ہینڈل سے ہی یہ اطلاع دی گئی ہے کہ منظور پشتین کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ منظور پشتین قلعہ سیف اللہ میں پروفیسر ارمان لونی کی یاد میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کیلئے جا رہے تھے، جہاں ہزاروں پی ٹی ایم کارکنان اور شہری جلسہ میں شریک تھے۔

پی ٹی ایم کے ٹویٹر ہینڈل سے منظور پشتین کی گاڑی کی تصویریں بھی شیئر کی گئی ہیں۔ اسکے علاوہ نور باچا کی زخمی حالت میں بھی تصویریں جاری کی گئی ہیں۔

پی ٹی ایم رہنماؤں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں منظور پشتین کے قافلے پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی ہے۔

تاہم سکیورٹی فورسز یا حکومت کی طرف سے تاحال اس بابت کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں رکن پارلیمنٹ محسن داوڑ نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts