لاہور (جدوجہد رپورٹ) روسی حکام نے سرکاری ٹیلی ویژن چینل ون کی ایڈیٹر و صحافی مرینا اووسیانیکووا کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہیں ٹی وی پروگرام کے دوران جنگ مخالف پلے کارڈ لیکر کیمرے کے سامنے کھڑے ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔
’انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس‘ کے مطابق صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیموں نے مرینا اووسیانیکوا کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق انہیں روسی فوج کی کارروائیوں کے بارے میں ’غلط معلومات‘ سے متعلق روس میں عائد کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان قوانین کو مارچ کے اوائل میں ریاستی ڈوما کی طرف سے منظور کیا گیا تھا، یہ قانون روسی مسلح افواج کے بارے میں مبینہ طور پر غلط معلومات پھیلانے پر سزاؤں میں اضافہ کرتا ہے اور روس میں درجنوں آزاد میڈیا کی بندش یا معطلی کا باعث بنا ہے۔
مرینا اووسیانیکووا نے ٹی وی کی براہ راست نشریات کے دوران جنگ مخالف پلے کارڈ لیکر کیمرے کے سامنے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں یوکرین پر روسی جارحیت کی مذمت کی اور چینل ون میں ’پیوٹن پروپیگنڈے‘ کو فروغ دینے والی اپنی ملازمت پر اظہار افسوس بھی کیا۔
ان کے وکیل کے مطابق انہیں 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔