لاہور (جدوجہد رپورٹ) ایران نے ایک بار پھر خواتین کو بین الاقوامی میچ دیکھنے کیلئے فٹ بال اسٹیڈیم میں داخلے سے منع کر دیا ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں خواتین شائقین ٹکٹ حاصل کرنے کے باوجود اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہو سکیں۔
منگل کی رات لبنان کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ شمال مشرقی شہر مشہد کے امام رضا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا، جو ایران نے دو صفر سے جیت لیا تھا۔
’ISNA‘ کے مطابق تقریباً 2000 ایرانی خواتین نے ایران اور لبنان کے مابین ہونے والے میچ کو دیکھنے کیلئے ٹکٹ خرید رکھے تھے۔ تاہم امام رضا اسٹیڈیم کے حاطے میں پہنچ کر انہیں معلوم ہوا کہ وہ اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہو سکتیں۔
میچ کیلئے مجموعی طور پر 12500 ٹکٹ فروخت کئے گئے تھے، جن میں سے 2 ہزار ٹکٹ خواتین کیلئے تھے۔
رواں سال جنوری میں پہلی بار خواتین کو کسی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ ایران نے 1979ء میں خواتین تماشائیوں کو فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے اسٹیڈیموں میں جانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
تاہم فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے خواتین کے اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی کو ختم نہ کرنے کی صورت فٹ بال مقابلوں سے ایران کی معطلی کی دھمکی دی تھی۔ جس کے بعد محدود تعداد میں خواتین کو میچوں میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔