خبریں/تبصرے

بھارتی خاتون صحافی رعنا ایوب کو بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں پر تنقید کرنے کے حوالے سے شہرت رکھنے والی خاتون صحافی رعنا ایوب کو برطانیہ کا سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

رعنا ایوب نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ انہیں ممبئی کے ایئر پورٹ پر سفر کرنے سے روکا گیا، وہ ’جرنلسٹ فیسٹول‘ میں بھارتی جمہوریت پر ایک تقریر کرنے جا رہی تھیں۔

قبل ازیں انٹرنیشنل سنٹر فار جرنلسٹس نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وہ رعنا ایوب کو برطانیہ مدعو کر رہے ہیں اور وہ ’آن لائن تشدد‘ پر ہونیو الے ایک ایونٹ میں بات چیت کریں گی۔

سوشل میڈیا صارفین اور صحافتی تنظیموں نے حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور خاتون صحافی کے بیرون ملک سفر کرنے پر عائد پابندی کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رعنا ایوب پر سفری پابندیاں بھارتی حکام کی جانب سے صحافیوں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنان اور میڈیا اداروں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی فہرست میں تازہ اضافہ ہے۔

رعنا ایوب نے سفری پابندیوں کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن بھی دائر کی ہے، جس پر سماعت آج متوقع ہے۔

یاد رہے کہ صحافی رعنا ایوب ’گجرات فائلز‘ کی مصنف ہیں۔ انہوں نے 2002ء میں گجرات میں ہونے والے فسادات کے حوالے سے اس وقت کی بی جے پی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts