خبریں/تبصرے

مالی اور روس کی افواج نے 300 زیر حراست افراد کو ہلاک کر دیا: ہیومن رائٹس واچ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ مالی کی فوج اور غیر ملکی فوجیوں نے تقریباً 300 افراد کو ہلاک کیا ہے۔ غیر ملکی فوجیوں پر روسی ہونے کا شبہ ہے۔ ہلاک کئے جانے والوں میں سے کچھ مشتبہ اسلامی شدت پسند جنگجو تھے، تاہم زیادہ تر عام شہری بتائے جا رہے ہیں۔

’اے پی‘ کے مطابق مالی میں اسلامی انتہا پسندوں کے خلاف 10 سالہ مسلح تصادم میں یہ سب سے بدرین ظلم ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق گروپ نے ہلاکتوں سے متعلق کوئی گواہوں کا انٹرویو کیا ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ روسی جنگجوؤں نے مارچ کے آخر میں مورا میں ہلاک ہونے والوں میں سے زیادہ تر کو گولی مار کر ہلاک کیا۔ عینی شاہدین نے قاتلوں کی شناخت سفید فام فوجیوں کی طور پر کی ہے، جو فرانسیسی نہیں بولتے تھے۔

امریکی فوج نے جنوری میں تصدیق کی تھی کہ انتہا پسند باغیوں سے لڑنے میں مدد کیلئے مالی میں کئی سو روسی کرائے کے فوجی تعینات کئے گئے ہیں۔

ہیومن راٹس واچ کے مطابق مورا کے واقعے میں مارچ کے آخر میں مالی کے فوجی دستوں اور غیر ملکی فوجیوں نے کئی سو افراد کو پکڑ لیا اور ان میں سے تقریباً 300 کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ بہت سے لوگوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا گیا، دیگر کو جلا دیا گیا۔

مالی کی وزارت دفاع نے اسی طرح کے ایک واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مارچ کے آخری ہفتے میں مالی نے 203 دہشت گردوں کو ہلاک اور 51 دیگر کو گرفتار کیا۔ یہ کارروائی مسلح شدت پسند گروہ کی مورا میں میٹنگ سے متعلق ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts