خبریں/تبصرے

ایک بار پھر پاکستانی پاسپورٹ کیلئے دنیا کا چوتھا بدترین درجہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں پاکستان کے پاسپورٹ کو ایک بار پھر دنیا کا چوتھا بدترین درجہ دیا گیا ہے۔ یہ انڈیکس مختلف ممالک کے سفری دستاویزات کو ان کے حاملین کی بین الاقوامی نقل و حرکت کی بنیاد پر درجہ بندی کرتا ہے۔

’ٹربیون‘ پر شائع ہونے والے انڈیکس کے مطابق پاکستان اس فہرست میں 109 ویں نمبر پر ہے، جہاں دنیا بھر میں صرف31 مقامات تک بغیر ویزہ رسائی موجود ہے۔ دنیا میں صرف تین دیگر ممالک کے پاسپورٹ کا رینک پاکستان سے کم ہے، جن میں شام، عراق اور افغانستان شامل ہیں۔

تاہم ٹاپ 10 طاقتور ترین پاسپورٹوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ جاپان اور سنگاپور درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہیں، دونوں ممالک کے پاسپورٹ ہولڈر دنیا بھر میں بغیر ویزہ کے 192 مقامات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

درجہ بندی سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ یوکرین کا ویزہ فری/ویزہ آن ارائیول سکور 143 ہے، جو ملک کیلئے ریکارڈ ہائی ہے اور اب جنوری سے ایک مقام اوپر چڑھ کر 34 ویں نمبر پر ہے۔ روس 117 سکور کے ساتھ 49 ویں نمبر پر ہے، جو اس سال کے شروع میں 46 ویں نمبر پر موجود تھا۔

برطانیہ کا پاسپورٹ 187 کے ویزہ فری اسکور کے ساتھ 6 ویں نمبر سے 5 ویں نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ امریکہ پاسپورٹ 186 کے سکور کے ساتھ ایک درجہ گر کر چھٹے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

افغانستان درجہ بندی میں سب سے نیچے ہے اور اس کے شہری صرف 26 مقامات تک بغیر ویزہ رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts