لاہور (جدوجہد رپورٹ) بھارتی پنجاب کے مقتول گلوکار کے ساتھ پاکستانی گلوکارہ کی تعزیت پر تنازعہ بن گیا ہے۔ گلوکار اور کانگریسی رہنما سدھو موسے والا کے قتل کے بعد پاکستانی گلوکارہ شائی گل نے ان کے خاندان سے تعزیت کی اور سدھو موسے والا کیلئے دعائیہ کلمات شیئرکئے، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
منگل کے روز شائی گل نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے مختلف صارفین کے پیغامات شیئرکئے، جن میں ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’بطور مسلمان انہیں اجازت نہیں ہے کہ وہ کسی غیر مسلم کیلئے دعا کریں جب وہ مر جائے۔‘
شائی گل نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے ایسے بہت سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور میں سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں مسلمان نہیں ہوں، میں عیسائی ہوں اورعیسائی فیملی سے تعلق رکھتی ہوں اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے لیے دُعا کر سکتی ہوں۔‘
بعد ازاں گلوکارہ نے ایک اور اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں مختلف صارفین کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ ’جو لوگ آپ کو ایسا کہہ رہے ہیں وہ غلط ہیں کیونکہ بطور مسلمان مذہب سے بالاتر ہو کر کسی بھی انسان کے لیے دعا کی جا سکتی ہے۔‘
شائی نے ایسے پیغامات پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’میں اس بات کا اعلان کبھی نہ کرتی، لیکن لوگوں کی جانب سے نامناسب باتوں پرایسا کرنا پڑا۔‘
شائی گل کی وضاحت کے بعد جہاں مختلف صارفین نے ان پر ہونے والی تنقید کی مخالفت کی اور شائی گل کا دفاع کیا۔ وہیں کچھ صارفین نے دوبارہ شائی گل کو نہ صرف تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ کچھ دھمکی آمیز پیغامات بھی ارسال کئے گئے۔
ایک اور پیغام کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اب ایسا کرنے والوں کو بلاک کردوں گی، کیونکہ جب بھی وقت ہو میں تمام پیغامات ضرور پڑھتی ہوں۔‘
مذکورہ پیغام میں انہیں گالی دیتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ ’آپ جو کچھ بھی سوچتی ہوں، لیکن آپ پاکستان میں رہتی ہیں اور یہ ایک مسلم ریاست ہے! پس آپ کو اس معاملہ میں برداشت نہیں کیا جائے گا! آپ کا مذہب کوئی بھی ہو لیکن پاکستان مسلمانوں کا ہے! یہ یاد رکھنا۔‘
یاد رہے کہ سدھو موسے والا بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے گلوکار اور سیاسی رہنما تھے، انہیں تین روز قبل پنجاب میں ہی گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ شائی گل سمیت متعدد فنکاروں، سیاسی رہنماؤں اور ان کے چاہنے والوں نے ان کے قتل کی نہ صرف مذمت کی، بلکہ ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
شائی گل حال ہی میں مقبول ہونے والی پاکستانی گلوکارہ ہیں۔ انہو نے کوک سٹوڈیو سیزن 14 میں علی سیٹھی کے ساتھ گانے ’پسوڑی‘ سے گلوکاری میں اپنا ڈیبیو کیا۔ ان کا یہ گانا بہت مقبول ہوا ہے اور گلوبل وائرل 50 گانوں میں تیسرے نمبر پر رہا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا گانا ہے جو اتنی کم مدت میں 100 ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔