لاہور (جدوجہد رپورٹ) بچپن میں والدین کے ساتھ کنزرویٹو وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کے خلاف مظاہروں میں شریک رہنے والی ’لز ٹرس‘ اسی کنزرویٹو پارٹی کی رہنماکے طور پر مارگریٹ تھیچر کے ایک نئے روپ کے طور پر جلد 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں داخل ہونے والی ہیں۔
برطانیہ کی نئی وزیر اعظم کو ان کی پارٹی ارکان کے تقریباً 57 فیصد ووٹ حاصل ملے، جبکہ سابق ٹریژری چیف رشی سنک کو تقریباً 43 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔
1979ء سے 1990ء تک حکومت کرنے والی مارگریٹ تھیچر اور 2016ء سے 2019ء تک حکومت کرے والی تھریسامے کے بعد 47 سالہ ٹرس برطانیہ کی تیسری خاتون وزیر اعظم بنیں گی۔
لز ٹرس کو کچھ لوگ آئرن لیڈی کے طور پر دیکھتے ہیں، جیسا کہ تھیچر کو جانا جاتا تھا۔ ناقدین کے نزدیک جن کی دائیں بازو کی پالیسیاں برطانیہ کو وبائی مرض، بریگزٹ اور یوکرین پر روسی حملے سے پیدا ہونے والی معاشی بدحالی کا سامنا کرنے میں مدد نہیں کریں گی۔
1975ء میں آکسفورڈ میں پیدا ہونے والی میری الزبتھ ٹرس ایک ریاضی پروفیسر اور نرس کی بیٹی ہیں، والدین کے ہمراہ انہوں نے بچپن میں ہی اینٹی نیوکلیئر اور اینٹی تھیچر مظاہروں میں شرکرت کی۔ ان کے اپنے بقول ان کے والدین سوشلسٹ اور لیفٹ ونگ تھے۔
یہ خاندان شمالی انگلینڈ کے لیڈز میں منتقل ہونے سے پہلے سکاٹ لینڈ کے شہر پیسلے میں رہتا تھا، جہاں ٹرس نے ایک پبلک ہائی سکول میں تعلیم حاصل کی تھی۔
ٹرس نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات کا مطالعہ کیا۔ جس کے بعد انہوں نے کنزرویٹو پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
انہوں نے توانائی کمپنی شیل اور ٹیلی کمیونیکیشن فرم کیبل اینڈ وائر لیس کیلئے ماہر معاشیات کے طورپر کام کیا اور کنزرویٹو سیاست میں شامل ہونے کے ساتھ سات فری مارکیٹ تھیچرائٹ خیالات کی حمایت کرتے ہوئے دائیں بازو کے تھنک ٹینک کیلئے بھی کام کیا۔
انہوں نے تھیچرائٹ ٹوری قانون سازوں کے فری انٹرپرائز گروپ کی بنیاد رکھی، جس نے ایک بدنامہ زمانہ سیاسی مقالہ تیار کیا، جس میں یہ دعویٰ شامل تھا کہ برطانوی مزدور دنیا کے بدترین بیکاروں میں سے ہیں۔
ستمبر 2021ء میں وہ برطانیہ کی خارجہ سیکرٹری مقرر ہوئیں۔ انہوں نے یوکرین پر حملے کے بعد یوکرین کے مضبوط رد عمل کی تعریف کی اور ایران میں قید دو برطانوی شہریوں کو رہائی دلائی۔
اپنے معمولی پس منظر پر زور دے کر وہ خود کا تھیچر سے موازنہ کرتی ہیں۔ تاہم بعض اوقات وہ اپنے آپ کو تھیچر کو نیا روپ قرار دیئے جانے پر معترض بھی ہوتی ہیں۔